بڑے منصوبوں کے معاہدوں میں صوبوں کو اعتماد میں لیا جائے ،مراد علی شاہ

جمعہ 24 اپریل 2015 16:57

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 24اپریل۔2015ء)وزیر خزانہ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ وفاقی سطح پر توانائی،سرمایہ کاری اور دیگر سیکٹرز میں جوبھی معاہدے کیے جارہے ہیں ان میں صوبوں کو اعتماد میں نہیں لیا جارہا،چینی صدرکے حالیہ دورہ پاکستان کے موقع پرپاکستان اورچین کے مابین معاہدوں میں صوبوں کو اعتماد میں لیا جانا ضروری تھا۔یہ بات انہوں نے گزشتہ روز کراچی ایکسپو سینٹر میں منعقد ہونے والی 3 روزہ 13 ویں تیل ،گیس اور توانائی کی عالمی نمائش پوگی 2015 کی افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران کہی۔

نمائش کا افتتاح سرمایہ کاری بورڈ کے چیئرمین ڈاکٹر مفتاح اسماعیل کوکرنا تھا مگر وہ نہیں آسکے ، 23تا 25اپریل تک جاری رہنے والی نمائش میں پاکستان،چین،کوریا ،ترکی اور روس سمیت 28 ممالک کی کمپنیوں نے اپنے اسٹالز لگائے ہیں جہاں توانائی کی صنعت سے متعلق مصنوعات اور دیگر آلات نمائش کیلئے رکھی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

تقریب سے ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر اکرام راجپوت ،ایس ایس جی سی کے ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر شعیب وارثی ،عبدالسمیع خان اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ پاکستان میں جاری توانائی بحران کا طویل المیعاد حل تھرکول میں ہے ،تھرکول سے آئندہ 2سال میں اینگرو اور چین کے اشتراک سے 660 میگاواٹ بجلی پیدا ہونی شروع ہوجائے گی۔