داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی تعمیرکیلئے بجلی کی فراہمی کیلئے ترسیلی لائن اور گرڈ سٹیشن کی تعمیر کا معاہدہ

جمعہ 24 اپریل 2015 16:38

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 24اپریل۔2015ء) واپڈا نے دبیر خواڑ سے داسو تک 132کلو وولٹ ترسیلی لائن اور 132 کلووولٹ داسو گرڈ سٹیشن کی تعمیر کیلئے کنٹریکٹ پاور کنسٹرکشن کارپوریشن چائنا کو ایوارڈ کر دیا۔ ترسیلی لائن اور گرڈ سٹیشن کی تعمیر کا مقصد داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی تعمیر کیلئے بجلی کی بلا تعطل فراہمی ہے۔ کنٹریکٹ کی مالیت ایک ارب 58کروڑ 30لاکھ روپے ہے اور اسے 8 ماہ میں مکمل کیا جائے گا۔

مذکورہ کنٹریکٹ پر دستخط کرنے کی تقریب آج واپڈا ہاؤس میں منعقد ہوئی۔ جنرل منیجر اور پراجیکٹ ڈائریکٹر(داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ) حاجی محمد فاروق اور بزنس ڈویلپمنٹ منیجر پاور کنسٹرکشن کارپوریشن چائنا لیوژونگ نے معاہدے پر دستخط کئے۔ چیئرمین واپڈا ظفر محمود، ممبر(واٹر) محمد شعیب اقبال، ممبر(پاور )بدرالمنیرمرتضیٰ ، ممبر (فنانس) انوارالحق اور دیگر سینئر آفیسرز تقریب میں شریک ہوئے۔

(جاری ہے)

اس موقع پرگفتگو کرتے ہوئے چیئرمین واپڈا نے کہا کہ ترسیلی لائن اور گرڈ سٹیشن کی شیڈول کے مطابق تکمیل نہایت ضروری ہے، تاکہ داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے سول ورکس کے آغاز کرنے کے ساتھ ساتھ مقامی دیہات کیلئے بجلی کی مطلوبہ مقدار دستیاب ہوسکے۔ اُنہوں نے امید ظاہر کی کہ کنٹریکٹر مذکورہ کنٹریکٹ کی تکمیل کیلئے شیڈول کو مدنظر رکھتے ہوئے اسے مقررہ مدت، قیمت اور معیار کے مطابق مکمل کرے گا۔

چیئرمین واپڈا نے کہا کہ واپڈا اپنی سماجی ذمہ داری کے طور پر اس ترسیلی لائن اور گرڈ سٹیشن کو مقامی لوگوں کو بجلی مہیا کرنے کیلئے بھی بروئے کار لائے گا ،تاکہ ان لوگوں کی زندگی کے معیار کو بہتر بنایا جاسکے۔ کنٹریکٹر نے واپڈا کو ترسیلی لائن اور گرڈ سٹیشن کی شیڈول کے مطابق تکمیل کی یقین دہانی کرائی۔

متعلقہ عنوان :