نیشنل ایکشن پلان، شیڈول چارمیں شامل افراد کے خلاف درج مقدمات کا ازسرنو جائزہ لیا جا رہا ہے‘شجاع خانزادہ

جمعہ 24 اپریل 2015 16:38

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 24اپریل۔2015ء)صوبائی وزیر داخلہ کرنل (ر) شجاع خانزادہ نے کہاہے کہ نیشنل ایکشن پلان کے حوالے سے شیڈول چارمیں شامل افراد کے خلاف درج مقدمات کا ازسرنو جائزہ لیا جا رہا ہے اور اس ضمن میں صوبہ بھر کے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ وہ مکمل تفتیش اور ثبوت حاصل کئے بغیر کسی شخص کو شیڈول چار میں گرفتارنہ کریں۔

انہوں نے یہ بات اپنے دفتر میں ملاقات کیلئے آنے والے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ مکمل تحقیق اور ثبوت کے بغیر شیڈول چار میں گرفتار کرنے والے پولیس افسران کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ میں دہشت گردی کے خاتمے اورامن وامان کا قیام حکومت کی اولین ترجیح ہے اور وہ اس ضمن میں ہر ممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب، کورکمانڈرز اور دیگر متعلقہ افسران پر مشتمل اپیکس کمیٹی کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں نیشنل ایکشن پلان پر تیزی سے عملدرآمد جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کے حوالے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ جرائم کی شرح کی میپنگ کر رہا ہے جس سے صاف عیاں ہے کہ صوبہ میں جرائم کی شرح میں حیرت انگیز حد تک کمی واقع ہورہی ہے۔

انہوں نے کہاکہ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد جاری رہے گا اور حکومت صوبہ کو امن کا گہوارہ بناکر ہی دم لے گی۔کرنل(ر) شجاع خانزادہ نے کہا کہ 10ماڈل تھانوں کے قیام سے تھانہ کے روایتی کلچر میں بھی نمایاں تبدیلی آ رہی ہے ۔ان تھانوں میں سائلین کی رپورٹ درج کرنے کیلئے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ملازمین کا رپورٹ درج کروانے کیلئے آنے والوں کے ساتھ نرم رویہ کے باعث لوگوں کا پولیس پر اعتماد بحال ہوتا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ماڈل تھانے ماڈل ٹاؤن ڈویژن میں 2پولیس اسٹیشنوں گلبرگ اور ماڈل ٹاؤن کو ماڈل تھانہ بنایاگیا ہے جہاں 8سے رات 10بجے تک آئی ٹی کے اہلکار ڈیوٹی پر موجود جبکہ باقی 8ماڈل تھانوں میں ڈیفنس اے، ڈیفنس بی، ڈیفنس سی، ساؤتھ کینٹ، سرور روڈ، نارتھ کینٹ، باغبانپورہ اور مصطفی آباد کے تھانوں کو ماڈل تھانہ بنایاگیا ہے جہاں دو شفٹوں میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے رپورٹ درج کرنے والے مردوخواتین آپریٹرز کو پہلی شفٹ،8بجے صبح سے 3بجے دوپہر جبکہ دوسری شفٹ 3بجے دوپہر سے رات 10بجے تک تعینات کیاگیا ہے۔

صوبائی وزیر داخلہ نے کہاکہ نیشنل ایکشن پلان ، ماڈل تھانوں کے قیام اور تھانہ کلچر کو تبدیل کرنے کیلئے حکومتی تجاویز پر انسپکٹر جنرل آف پولیس ہرممکن اقدامات کر رہے ہیں اور اس سلسلہ میں ان کی کارکردگی لائق تحسین ہے۔