رضاکار فورس معاشرے کا اہم جزو ہے‘ عبدالقادر بلوچ

جمعہ 24 اپریل 2015 16:35

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 24اپریل۔2015ء) وفاقی وزیر سفیران لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ نے کہا ہے کہ رضاکار کسی بھی معاشرے میں اہمیت کے حامل ہوتے ہیں۔ قدرتی آفات میں رضاکاروں کا فوری ریسپانس متاثرین کی ہمت کو جلا بخشتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوتھ کیمپ کے انعقاد سے مجھے دلی خوشی ہوئی انہوں نے خود کو بھی رضاکاروں کا حصہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنی قوم کی خدمت کیلئے ہمہ وقت تیار رہنا چاہئے۔

ہلاک احمر کے رضاکار ادارے کے چمکتے ستارے ہین جن کی بدولت ہر قدرتی آفت میں چھانے والے اندھیرے روشنی میں بدلتے ہیں۔ ہلال احمر وطن عزیز کو تربیت یافتہ رضا کاروں کی فراہمی کیلئے کوشاں ہے۔ 2016ء کے آخر تک رضاکاروں کی تعداد 50 لاکھ ہو جائے گی۔ جو فرسٹ ایڈ سے لے کر بلڈ دونیشن تک مہارت کے حامل ہوں گے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہلال احمر پاکستان کے زیر اہتمام منعقدہ 5 روزہ نیشنل یوتھ اینڈ والینٹیئرز کیمپ 2015ء کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر چیئرمین پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی ڈاکٹر سعید الٰہی نے کہا کہ یوتھ کیمپ اس بات کا مظہر ہے کہ ہمارے رصاکار مستعدد‘ تربیت یافتہ ہیں۔ ہم نے ایک سال میں رضاکاروں کی تعداد 17 لاکھ تک پہنچا دی ہے اور 2016ء تک یہ تعداد 50 لاکھ تک ہو جائے گی۔ انہیں ہر قسم کی تربیت فراہم کی جائے گی تاکہ کسی بھی قدرتی آفت میں بہتر طریقے سے متاثرین کی دلجوئی کر سکیں۔

پاکستان کے موجودہ حالات میں رضاکار فورس کا وجود ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا رضاکاروں میں مدارس کے طلباء بھی شامل ہیں جو میثاق انسانیت کے تحت ریڈ کریسنٹ سوسائتی کا حصہ ہیں۔ یوتھ کیمپ 5 دن جاری رہے گا۔ جس میں رضا کاروں کو فرسٹ ایڈ‘ بلڈ ڈونیشن‘ ڈیزاسٹر سے نمٹنے کی تیاری کی تربیت بھی دی جائے گی۔ تقریب میں سفارکاروں‘ سماجی شخصیات‘ جڑواں شہروں کے طلباء و طالبات کی کثیر تعداد شریک ہے۔ رضا کاروں نے اس موقع پر مارچ پاسٹ بھی کیا جسے سراہا گیا۔