کراچی ٹارگٹڈ آپریشن کسی سیاسی جماعت کے نہیں ‘دہشت گردوں اور بھتہ خوروں کے خلاف ہے‘ وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا فیصل آڈیٹوریم میں طلبہ میں لیپ ٹاپ کی تقسیم کے موقع پر تقریب سے خطاب

جمعہ 24 اپریل 2015 16:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 24اپریل۔2015ء) وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ چینی سرمایہ کاری سے پاکستان میں خوشحالی کا سیلاب آئے گا‘کراچی ٹارگٹڈ آپریشن کسی سیاسی جماعت کے خلاف نہیں بلکہ دہشت گردوں اور بھتہ خوروں کے خلاف ہے اور جب تک کراچی میں امن نہیں ہوگا آپریشن جاری رہے گا ‘سیاسی جماعتوں میں چھپے کالی بھیڑیوں کا پیچھا کرتے رہیں گے‘ چین کے صدر کے دورہ پاکستان سے ملک میں خوشحالی کا سیلاب امڈ آئے گا‘ ریلوے کو آئی سی یو سے نکالا جا چکا ہے‘ یمن پر جو لوگ سمجھتے تھے پاکستان حکم کی تعمیل کرے گا وہ سب غلط ثابت ہو ئے ہیں ‘ پاکستان کو ” نکو“ نہ سمجھا جائے ‘ ہم نے اپنا کردار باوقار ریاست کے طور پر ادا کیا ہے‘ یہ مشرف کا دور نہیں بلکہ پارلیمنٹ موجود ہے اور قومی معاملات پر پارلیمنٹ میں اتفاق رائے پیدا کیا جاتا ہے‘ریلوے کا چارج سنبھالا تو ریلوے محکمہ آئی سی یو میں تھا،رواں سال 8 ارب روپے سے زائد آمدنی ہوگی،سعودی عرب کے دفاع کیلئے پوری قوم متحد ہے۔

(جاری ہے)

وہ جمعہ کے روزجامعہ پنجاب لاہور کے فیصل آڈیٹوریم میں طلبہ میں لیپ ٹاپ کی تقسیم کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے تھے جبکہ اس موقعہ پر وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی مجا ہد کامران سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔خواجہ سعد رفیق نے اپنے خطاب میں کہ اکہ کراچی میں ٹارگٹڈ آپریشن کسی مخصوص جماعت کے خلاف نہیں ہو رہا ہے بلکہ تمام جرائم پیشہ افراد کے خلاف کیا جارہا ہے اورحکومت سیاسی جماعتوں میں چھپے شرپسند عناصر کا پیچھا کرتی رہے گی ۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے طالبان سے مذاکرات اور ملک میں جاری آپریشن ضرب عضب کے حوالے سے تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لیا تھا،تمام سیاسی جماعتوں نے متفقہ طور پر فیصلہ کیا کہ ملک سے دہشت گردوں کا خاتمہ کیا جائیگا،۔انہوں نے کہا کہ مجرموں کو پھانسی دینے کا عمل اسی فیصلے کی ایک کڑی ہے اور اس سلسلے میں کسی سیاسی مصلحت کا شکار نہیں ہوں گے،خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ چین ہمارا قریبی اور مخلص دوست ہے،چینی سرمایہ کاری سے ملک میں خوشحالی کا سیلاب آئے گااور یہ پاکستان کے لئے صبح کی ایک نئی نوید ہے،2017 ء تک 10 ہزار میگاواٹ بجلی سسٹم میں آجائے گی جس سے ملک میں ہمیشہ کیلئے اندھیروں کا خاتمہ ہو جائے گا،انہوں نے کہا کہ پاک فوج سعودی عرب کے دفاع کے لئے ہر وقت تیار ہے،سعودی سرزمین کی سالمیت کو خطرہ ہوا تو پوری قوم سعودی عرب کا دفاع کرے گی۔

کراچی آپریشن کسی جماعت کے خلاف نہیں ہے ،سیاسی جماعتوں میں چھپے بھیڑیوں کا پیچھا کرتے رہیں گے، کراچی آہستہ آہستہ امن کی طرف بڑھ رہا ہے، دہشت گردوں کا نیٹ ورک کو تباہ کر دیا گیا ہے ۔جب ریلوے کا چارج سنبھالا تو ریلوے کا محکمہ آئی سی یو میں بھی تھا،دن را ت محنت کے بعد محکمے کو اپنے پاؤں پر کھڑا کیا ہے اور رواں سال ریلوے کی آمدن 8 روپے سے زیادہ ہو جائے گی ۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی علاقائی خود مختاری کے لیے ہم اس کے ساتھ ہیں لیکن مسلم ممالک کے درمیان فریق نہیں بن سکتے ‘ ثالثی کا کردار ادا کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ یمن پر جو لوگ سمجھتے تھے پاکستان حکم کی تعمیل کرے گا وہ سب غلط ثابت ہوا ۔ پاکستان کو " نکو"(چھوٹانہ سمجھا جائے ‘ہم نے اپنا کردار باوقار ریاست کے طور پر ادا کیا ہے ۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ یہ مشرف کا دور نہیں بلکہ پارلیمنٹ موجود ہے اور قومی معاملات پر پارلیمنٹ میں اتفاق رائے پیدا کیا جاتا ہے ۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ حکومت جب سنبھالی تو ملک سلگ رہا تھا اور ملک بھر میں دھماکے ہوتے تھے اب کراچی امن کی طرف گامزن ہے ۔