ملک بھر کے 42 کینٹ بورڈ میں 187وارڈوں کے کونسلروں کے انتخاب کیلئے پولنگ کل ہوگی

جمعہ 24 اپریل 2015 11:58

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 24اپریل۔2015ء)ملک بھر کے 42 کینٹ بورڈ میں 187وارڈوں کے کونسلروں کے انتخاب کیلئے پولنگ کل (ہفتہ)کوہوگی ،پولنگ بغیر کسی وقفہ کے صبح8بجے سے شام 5بجے تک جاری رہے گی ، مجموعی طورپر18لاکھ49ہزار424ووٹرز حق رائے دہی استعمال کرینگے۔پولنگ افسران کو مجسٹریٹ کے اختیارات ہونگے جبکہ کینٹ بورڈ الیکشن کے ایریا میں عام تعطیل کا بھی اعلان کر دیا گیا ہے ۔

تفصیلات کے مطابق ملک بھر کے 42 کینٹ بورڈ کیلئے پولنگ (ہفتہ) کو ہوگی ،اس حوالے سے الیکشن کمیشن آف پاکستان نے تمام تر انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے جبکہ امن وامان کو برقرار رکھنے کیلئے سکیورٹی ادارے بھی ہائی الرٹ رہیں گے ۔ملک بھر میں مجموعی طور پر1298 پولنگ اسٹیشن بنائے گئے ہیں،پنجاب میں20،سندھ8،خیبرپختونخواہ11 جبکہ بلوچستان میں 4 کینٹ بورڈ ہیں،ملک بھر کے14کینٹ بورڈز میں10،دس وارڈیں ہیں جن میں راولپنڈی ،چکلالہ،واہ کینٹ،لاہور کینٹ، والٹن، سرگودھا، گوجرانوالہ،ملتان،بہاول پور،پنو عاقل، حیدر آباد،فیصل آباد اور فیصل شامل ہیں اوکاڑہ، سیالکوٹ، کوئٹہ،پشاور،ایبٹ آباد میں 5،پانچ،نوشہرہ4، کراچی، ملیر، رسالپورکوہاٹ میں3,3جبکہ ٹیکسلا،مری،اٹک، سنجوال، کامرہ،جہلم، منگلا، کھاریاں ، منوڑا ، ژوب،لورالائی، کورنگی، چراٹ،مردان،بنوں،ڈی آئی خان،حویلیاں اور مری گلاز میں2,2 کنٹونمنٹ بورڈ و وارڈز ہیں ، راولپنڈی کی دس وارڈز میں91امیدوار،چکلالہ میں76امیدوار پنجہ آزمائی میں مصروف ہیں ،راولپنڈی کینٹ میں215،چکلالہ میں101 پولنگ اسٹیشن بنائے گئے ہیں جن میں چار ہزار پولیس اہلکارڈیوٹی دینگے۔

(جاری ہے)

دوسرے اضلاع سے بھی پولیس کی نفری طلب کی گئی ہے،رینجرز آن کال ہوں گے جبکہ اس موقع پر فوجی دستے بھی الرٹ رہیں گے،پولنگ کے باعث شہر اور کینٹ کے تمام ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے اور ڈاکٹروں کی چھٹیاں بھی منسوخ کر دی گئیں ہیں جبکہ پولیس کی ڈیوٹیوں کے باعث جیل سے ملزمان کو بھی عدالتوں میں پیش نہیں کیا جائیگا،سکیورٹی کے انتہائی سخت وفول پروف انتظامات کئے گئے ہیں ۔