لاہور ؛ دو کنٹونمنٹ بورڈز کے بلدیاتی انتخابات کل ہو ں گے

جمعہ 24 اپریل 2015 11:58

لا ہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 24اپریل۔2015ء ) لاہور کے دو کنٹونمنٹ بورڈز کے بلدیاتی انتخابات کے لئے انتخابی مہم مکمل ہو گئی ہے اور دو کنٹونمنٹ کے بلدیاتی انتخابات کل ہفتہ کو ہوں گے میڈیا رپورٹس کے مطابق انتخابی مہم کے آخری روز کنٹونمنٹ بورڈ میں سیاسی درجہ حرارت عروج پر رہا۔ ایک دوسرے کا سامنا ہونے پر مسلم لیگ نون اور تحریک انصاف کے کارکنان نے شدید نعرے بازی بھی کی۔

لاہور کے دو کنٹونمنٹ بورڈز کی بیس وارڈز میں بلدیاتی انتخابات کے لئے انتخابی مہم مکمل ہو گئی ہے۔ انتخابی مہم کے آخری روز ہر امیدوار نے اپنی پاور شو کرنے کے لئے بڑی بڑی ریلیاں نکالیں۔ بھٹہ چوک پر جب مسلم لیگ نون اور تحریک انصاف کی ریلیاں آمنے سامنے آئیں تو دونوں اطراف سے زبردست نعرے بازی کا مظاہرہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

مسلم لیگ نون کے امیدوار نے دعویٰ کیا ہے کہ ن لیگ کنٹونمنٹ بورڈ کی تمام نشستوں پر نہ صرف کلین سویپ کرے گی بلکہ ن لیگ کے امیدوار بھار ی اکثریت سے بھی کامیاب ہوں گے۔

دوسری جانب تحریک انصاف لاہور کے صدر عبدالعلیم خان نے بھی کلین سویپ کرنے کا دعوٰی کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا انہیں انتخابی عمل پر کسی قسم کے کوئی تحفظات نہیں۔ آج ہونے والے کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات کے لئے جماعت اسلامی سمیت آزاد امیدواروں نے بھی آخری روز بھرپور انتخابی مہم چلائی۔

متعلقہ عنوان :