عوام کو بحرانوں کی دلدل سے نکالنا حکومت کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔شمشاد خان غوری

کراچی میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 12 سے 18 گھنٹے تک جاپہنچا ، وفاق کے الیکٹرک کی ناقص پالیسیوں کا سندھ حکومت سے جواب طلب کرے

منگل 21 اپریل 2015 22:53

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21اپریل۔2015ء) مہاجر قومی موومنٹ (پاکستان) کے وائس چیئرمین شمشاد خان غوری نے کہاکہ صوبائی حکمرانوں نے عوام کے منہ سے نوالہ چھننے اور خون کا آخری قطرہ تک نچوڑنے کی ٹھان لی ہے کے الیکٹرک اور حکومتی رویہ سے لگتا ہے کہ دونوں نے عوام کو جینے نہ دینے کی قسم کھا رکھی ہے عوام پر روزبروز مہنگائی بم اورگیس و بجلی کے بلوں میں اضافی ٹیکس عائد کیے جارہے ہیں جس سے عوام کی حالت زار بد سے بدتراور نظام زندگی مفلوج ہوکر رہ گیا ہے ، عوام کوبحرانوں کی اس دلدل سے نکالنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔

چیئرمین آفاق احمد کی رہائشگاہ پر حسن اسکوئر سیوک سینٹر سے آئے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے شمشاد خان غوری نے کہاکہ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا تسلسل معاشی وصنعتی نظام بڑی خرابی کا سبب بن رہاہے کراچی میں24گھنٹوں میں بجلی کی بندش کا دورانیہ 12 سے 18 گھنٹے تک جاپہنچا ہے جس سے شہر بھر میں قلت آب کا مسئلہ شدت اختیار کرتا جارہاہے ،کے الیکٹرک بجلی چوری کا الزام لگا کر صارفین کو اضافی بل جاری کرنے میں قطعاًآر محسوس نہیں کرتی یہی وجہ کے ادارہ کرپشن اور لوٹ کھسوٹ کا گڑھ بن چکا ہے جس کا مقصد صرف عوام کو پستی کی جانب دھکیلنا ہے ،سخت گرمی میں عوامی شکایات پر کوئی شنوائی نہیں ہوتی ،پس غربت و مہنگائی کے ستائے شہریوں کا کوئی پرسان حال نہیں۔

(جاری ہے)

شمشاد خان غوری نے مزید کہاکہ کے الیکٹرک اور حکومتی ہٹ دھرمیوں کیخلاف شہر یوں کا احتجاج کسی قدر غلط نہیں بڑھتے ہوئے بحران حکومتی وعدہ خلافی کا کھلا ثبوت ہے ،لہذا وفاق کے الیکٹرک کی ناقص پالیسیوں کا فوری نوٹس لیتے ہوئے صوبائی حکومت سے جواب طلب کرے ۔

متعلقہ عنوان :