ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت متحدہ قومی موومنٹ کی مختلف اداروں میں بھر تی کئے گئے کارکنان کو انتخابی عملہ بنایا گیا ہے، ثمر علی خان

منگل 21 اپریل 2015 22:53

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21اپریل۔2015ء) پاکستان تحریک انصاف کراچی ریجن کے سینئرنائب صدر و سندھ اسمبلی میں پارٹی کے پارلیمانی لیڈر ثمر علی خان نے کہا ہے کہ حلقہ این اے246میں صاف و شفاف انتخابات کروانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے لیکن ضمنی الیکشن میں انتخابی عملہ غیر جانبدار نہیں ہے ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت متحدہ قومی موومنٹ کی مختلف اداروں میں بھر تی کئے گئے کارکنان کو انتخابی عملہ بنایا گیا ہے کے پی ٹی ، اور اسٹیل مل سے لئے گئے ملازمین میں سے اکثر یت متحدہ قومی موومنٹ کے کارکنان ہیں ۔

یہ باتیں انہوں نے میڈیا سیل کراچی میں پولنگ ایجنٹ کی تربیتی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ اس موقع پر تحریک انصاف کے مرکزی رہنما فردوس شمیم نقوی ،اسرار عباسی، احسن جبار، ثادیہ آغا، سبحان علی ساحل، رفاقت عمر، کیپٹن (ر) رضوان، مصطفی خان ، بشری علوی اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ثمر علی خان نے مزیدکہا کہ حلقہ این اے 246میں کراچی کے دیگر حلقوں کے آباد ی کے تناسب سے 25فیصد سے زائد ووٹ کا اندراج ہے ۔

جس سے جعلی ووٹ کا خدشہ نظر آ رہا ہے ۔ لسانیت کے نام پر سیاست کرنے والوں نے کراچی کو ترقی کے بجائے پستی کی طرف دھکیل دیا ہے۔ روشنیوں کا شہر آج اندھیروں میں ڈوبا ہوا ہے، ثمر علی خان نے مزید کہا کہ آج 70سے زائد پولنگ اسٹیشن کی قریب و جوار میں متحدہ قومی موومنٹ کی ہمایت میں وال چاکنگ کی گئی ہے جو کہ الیکشن کمیشن کے لئے لمحہ فکریہ ہے۔ تحریک انصاف 23اپریل کو ٹھپہ مافیا کابھر پور مقابلہ کریں گے اور انشا ء اﷲ بہت جلد شہر کراچی میں خوف کا بت ریزہ ریزہ ہو کر انصاف کا سورج طلوع ہوگا۔

متعلقہ عنوان :