Live Updates

عمرا ن خان اپنی ذات کی نہیں آنے والی نسلوں کی جنگ لڑ رہا ہے‘اعجاز چوہدری

دھرنے نے سیاسی سوچوں کو تبدیل کر دیا جو کام اٹھارہ سال میں نہیں ہو سکادھرنے کے ذریعے عمران خان کا پیغام ہر گھر کی دہلیز پر پہنچا عمران خان کی ساری جدوجہد عوام کے ووٹوں کے تقدس اور اس کی حفاظت کیلئے ہے، دنیا کی تاریخ میں اس سے بڑی کامیاب تحریک کی مثال نہیں ملتی سرگودھا سے (ن) لیگ کے مرزا نوید اور این اے 68 سے حاجی محمد ندیم نے اپنے ساتھیوں سمیت تحریک انصاف میں شمولیت کااعلان

منگل 21 اپریل 2015 22:41

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21اپریل۔2015ء ) پاکستان تحریک انصاف پنجاب کے صدر اعجازاحمدچوہدری نے کہاہے کہ سات لاکھ ٹن گندم برآمد کر کے حکومت نے کسانوں کی پیٹھ پر چھرا گھونپا ہے، جو کہ کسان دشمنی کی انتہاء ہے ، ملک کی ترقی اور معیشت کے لئے زراعت ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے ، جو کہ تباہی اور بربادی کے کنارے پرپہنچ چکی ہے۔انہوں نے کہاکہ حکومت کی ناقص پالیسیوں اور نااہلی بنا پر کسان اور کاشتکار سڑکوں پر رل کے رہ گیا ہے، آلو ، گنا ، چاول ، بھٹی کی اصل قیمت بھی نہیں ملی جس سے کسانوں اور کاشتکاروں کا اربوں روپے کا نقصان ہوا۔

گندم کی خریداری کے حوالے سے ابھی تک پنجاب حکومت نے کوئی واضح پالیسی نہیں دی، گندم کی فروخت کے لئے کسان اور کاشتکار در بدر کی ٹھوکریں کھا رہا ہے۔

(جاری ہے)

بجلی کی لوڈشیڈنگ کا بحران ختم ہونے کی بجائے دن بدن سنگین صورتحال اختیار کرتا جا رہا ہے۔ لیکن حکمران صرف جھوٹے اعلانات تک محدود ہیں ۔ کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات میں تحریک انصاف بھرپور کامیابی حاصل کرے گی، (ن) لیگ ڈنگ ٹپاؤ پالیسی پر عمل پیرا ہے۔

(ن)لیگ مصنوعی منصوبوں، جھوٹے وعدے اوراشتہارات کے ذریعے عوام کو بیوقوف بنانے کی بھونڈی کوششیں کررہے ہیں۔11 مئی کے الیکشن میں (ن) لیگ نے بڑے پیمانے پر دھاندلہ کیا تھا، جوڈیشل کمیشن کی تحقیقات میں سب کچھ سامنے آنے والا ہے۔ شریف برادران نے زرداری کی کرپشن کے بھی تمام ریکارڈ توڑ دیئے ہیں۔ شریف برادران کا پرانا وطیرہ ہے جب بھی کوئی الیکشن سر پر آتا ہے تو نام نہاد ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کرکے عوام کی آنکھوں دھول جھونکتے ہیں۔

اگر عوام کے یہ انتے ہی خیرخواہ ہیں تو عوام کے مسائل وقت پر حل کرتے تو آج ملک وقوم کو مسائلستان کا سامنا نہ ہوتا۔انہوں نے کہاکہ عمران خان کی ساری جدوجہد عوام کے ووٹوں کے تقدس اور اس کی حفاظت کے لئے ہے، دنیا کی تاریخ میں اس سے بڑی کامیاب تحریک کی مثال نہیں ملتی ۔عمران خان نے عام آدمی کو احساس دلایا کہ آپ کے پاس ووٹ کی طاقت ہے اور پی ٹی آئی کی عدالتی جدوجہد کے ذریعے جماعتی بنیادوں پر انتخابات کا انعقاد ممکن ہوا،وہ اپنے دورہ سرگودھا کے موقع پر کنٹونمنٹ بورڈ کی انتخابی مہم کے سلسلے میں نکالی جانے والی ریلی اور کوٹ مومن میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 2015 ء میں نئی تاریخ رقم ہونے جا رہی ہے ،بے روزگارنوجوانوں کی نظریں تحریک انصاف پر لگی ہوئی ہیں۔

بلدیاتی انتخابات ہماری سیاسی بنیاد اور فتح کی علامت ہیں، صوبے بھر کی تنظیمیں آنے والے بلدیاتی انتخابات کی بھرپور تیاری کریں، کارکن پارٹی کا پیغام گھر گھر پہنچائیں، بلدیاتی امیدواران کے فیصلے مقامی سطح پر مقامی قیادت ہی کرے گی،شریف برادران صوبے کے تمام وسائل نے تخت لاہور کو فوکس کر کے خرچ کررہے ہیں باقی صوبے کی عوام بنیادی سہولتوں سے محروم ہونے سے احسان کمتری کا شکا ر ہے ،، شریف برادران تینوں صوبوں کو کوئی اہمیت نہیں دیتے،لگتا ہے کہ ملک پر صرف شریف خاندان کی حکومت ہے ۔

انہوں نے کہاکہ دھرنے نے سیاسی سوچوں کو تبدیل کر دیا جو کام اٹھارہ سال میں نہیں ہو سکادھرنے کے ذریعے عمران خان کا پیغام ہر گھر کی دہلیز پر پہنچا، عمرا ن خان اپنی ذات کی نہیں بلکہ آنے والی نسلوں کی جنگ لڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ 2013ء کے الیکشن شفاف نہیں ہوئے ، بڑے پیمانے پر دھاندلی کر کے عوامی مینڈیٹ چرایا گیا ، اب سب جماعتوں نے ہمارے موقف کو تسلیم کیا، تحریک انصاف ملک کی آج سب سے بڑی جماعت بن چکی ہے ،سرگودھا کنٹونمنٹ بورڈ سے (ن) لیگ کے جنرل سیکرٹری مرزا نوید اور این اے 68 سے آزاد امیدوار حاجی محمد ندیم نے اپنے ساتھیوں سمیت تحریک انصاف میں شمولیت کااعلان کیا، ریلی اور ورکرز کنونشن میں ممتاز اختر کاہلوں، عنصر مجید خان نیازی، محمود گیلانی ،عنصر اقبال ہرل، افتخار گوندل، نذیر صوبی، طاہر عزیز باجوہ ،راؤ راحت ، فیاض اوٹھی، فیصل گھمن، نذیر گجر،نوید وڑائچ ، حاجی بشیر ہرل ، ایاز خان، میاں امداد گجر، نذیر نیازی، ملک فیاض ، آصف کاہلوں ، شیخ ارشد، ارشدوڑائچ سمیت خواتین و کارکنان نے ہزاروں کی تعدا د میں شرکت کی ،ریلی کا آغاز ماڈل ٹاؤن جبکہ اختتام 110 سٹیڈیم کے پاس ہوا، ریلی کا راستوں میں سرگودھا کینٹ کی عوام نے پرتباک استقبال کیا اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں، صوبائی صدر اعجازاحمدچوہدری ضلعی صدر ممتازاختر کاہلوں کی ہمشیرہ کے انتقال پراظہار تعزیت کے لئے انکے گھر گئے اور انہوں نے مرحومہ کی مغفرت اور درجات کی بلندی کی دعاء کی ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات