رواں مالی سال کے پہلے نو ماہ میں سونے کی درآمدات کا مجموعی حجم 18ہزار ڈالر

منگل 21 اپریل 2015 22:41

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21اپریل۔2015ء)رواں مالی سال کے پہلے9ماہ میں سونے کی درآمدات کا مجموعی حجم کم ہوکر صرف18ہزار ڈالر ہوگیا جبکہ گزشتہ مالی سال کے اس عرصے میں 2لاکھ 17ہزار ڈالر مالیت کا سونا درآمد کیا گیا تھا، درآمد کنندگان کے مطابق یہ پہلا موقع ہے کہ مقامی سطح پر سونے کی طلب کم ہونے کی وجہ سے اس کی درآمدات میں بھی کمی دیکھنے میں آئی ہے، اگست2014 سے ملک میں جاری سیاسی محاذ آرائی کے سبب سیاسی افق پر غیر یقینی صورتحال قائم رہنے، امن و امان کی خراب صورتحال اور بد امنی کے سبب عدم تحفظ اور خوف کے باعث سونے کی طلب کم ہوئی اور مقامی سطح پر طلب گھٹنے سے درآمدات میں بھی کمی واقع ہوئی، سٹیٹ بینک آف پاکستان کے اعدادوشمار کے مطابق فروری 2015 اور مارچ 2015میں سونے کی درآمدی مالیت کا حجم صفر رہا۔

(جاری ہے)

مقامی جیولرز کے مطابق عالمی صرافہ مارکیٹ میں گزشتہ چند ماہ سے سونے کی قیمت میں اتار چڑھاؤ تو دیکھا جارہا ہے لیکن فی اونس سونے کی قیمت فی الوقت بلند سطح پر موجود ہے جبکہ مقامی سطح پر قوت خرید نہ ہونے سے بھی سونے کی درآمد کا رجحان مسلسل کم ہوتا جارہا ہے۔