این اے 246،انتخابی عمل شفاف بنانے کیلئے پولنگ سٹیشنوں پر کیمرے نصب

ملکی تاریخ میں پہلی بار انتخابات کے دوران سی سی ٹی وی کیمروں سے مانیٹرنگ کی جائیگی

منگل 21 اپریل 2015 22:32

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21اپریل۔2015ء)کراچی کے حلقہ این اے 246 میں انتخابی عمل کو شفاف بنانے کے لئے پولنگ سٹیشنوں پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کر دئیے گئے ہیں۔ ملکی تاریخ میں پہلی بار انتخابات کے دوران سی سی ٹی وی کیمروں سے مانیٹرنگ کی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں قومی اسمبلی کے حلقے این اے 246 کا ضمنی انتخاب انتہائی اہمیت حاصل کر گیا ہے۔

انتخابات میں دھاندلی کو روکنے کے لئے بڑے پیمانے پر اقدامات کئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

ان میں پولنگ سٹیشنوں پر سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب انتہائی اہم قدم ہے جو ملکی تاریخ میں کسی انتخاب میں پہلی بار ہو رہا ہے۔ پولنگ سٹیشنز میں مانیٹرنگ رومز بھی بنائے گئے ہیں جہاں سے رینجرز اور دیگر متعلقہ حکام پولنگ عملے اور ووٹرز کی نقل و حرکت پر نظر رکھیں گے۔

این اے 246 کا علاقہ گلبرگ ٹاؤن اور لیاقت آباد ٹاؤن پر مشتمل ہے۔ گلبرگ ٹاؤن کے 40 سکولوں میں جبکہ لیاقت آباد ٹاؤن کے 15 مختلف سرکاری اور غیر سرکاری سکولوں میں پولنگ سٹیشنز بنائے گئے ہیں جہاں پر ہر پولنگ بوتھ کے اندر اور باہر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے ہیں۔ مجموعی طور پر پولنگ سٹیشنوں پر نصب سی سی ٹی وی کمروں کی تعداد 270 ہے جو کہ نجی کنٹریکٹر کے ذریعے نصب کئے گئے ہیں۔