بیرونی ممالک کے ٹورز کرنے کی بجائے ڈومیسٹک سیاحت کو فروغ دیں گے‘ عظیم قصوری

حکومتی سطح پر سیاحت کے فروغ کیلئے کوئی خاطر خواہ انتظامات نہیں کئے جا سکے ‘چیئرمین سٹینڈنگ کمیٹی برائے ہوٹل اینڈ ٹورازم

منگل 21 اپریل 2015 22:27

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21اپریل۔2015ء)فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی ریجنل سٹینڈنگ کمیٹی برائے ہوٹل اینڈ ٹورازم کی میٹنگ کے شرکا ء سے خطاب کرتے ہوئے ہوٹل اینڈ ٹورازم کی سٹینڈنگ کمیٹی کے ریجنل چیئرمین عظیم قصور ی نے کہا کہ پچھلی دو دہائیوں سے جاری دہشت گردی اور لاء اینڈ آرڈر کی خراب صورتحال کی وجہ سے غیر ملکی سیاحوں نے پاکستان سے منہ موڑ لیا ہے جس کی وجہ سے پاکستان اربوں روپے کے قیمتی زرمبادلہ سے محروم ہو چکا ہے ۔

انہوں نے انتہائی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ حکومتی سطح پر بھی سیاحت کے فروغ کیلئے کوئی خاطر خواہ انتظامات نہیں کئے جا سکے جس کی وجہ سے یہ شعبہ بری طرح متاثر ہو ا ۔لیکن ہم پنجاب ٹورازم ڈویلپمنٹ کے تعاون سے پاکستان کے شمالی علاقہ جات سمیت تاریخی مقامات پر مقامی سیاحوں کو لے کر جائے گے، تاکہ ڈومیسٹک سیاحت کو فروغ دیا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ہم بیرونی ممالک کے ٹورز کرنے کی بجائے اپنے ڈومیسٹک علاقوں کو ترجیح دیں گے۔

انہوں نے کہاکہ ہماری پاک آرمی نے بڑی حد تک ملک سے دہشت گردی کا قلع قمع کر دیا ہے اور اس وقت سوات کا علاقہ بھی کلیئر قرار دے دیا جا چکا ہے انہوں نے کہاکہ ہم میڈیا کی وساطت سے عالمی برادری کے ذہنوں سے پاکستان بارے منفی تاثرکو ختم کریں گے تاکہ دیگر ممالک کے سیاحوں کو بھی دوبارہ پاکستان کی جانب راغب کیا جا سکے۔ ہوٹل اینڈ ٹورازم کی اس میٹنگ میں دیگر ممبران میں وائس چیئرمین میاں رمضان ،میاں سلیم ، محمد عابد خان ، ، اشرف مہتاب ،عادل رضا ، ظفر اقبال ، محمد جاویداقبال، اکرام الحق ، محمد رفیق ، ڈاکٹر ساجد چوہدری ، رخسانہ ظفر ، راوٌ خورشید علی ، محمد رفیق اور دیگر نے بھی اپنی اپنی آراء کا اظہار کیا ۔