سنی اتحاد کونسل طارق محبوب کی سرکاری حراست میں المنا ک موت کے خلاف جمعہ 24اپریل کو یو م مذمت منائے گی

ملک بھرمیں طارق محبوب کی ماورائے عدالت موت کے خلاف جمعہ کے اجتماعات میں مذمتی قراردادیں منظور کی جائے گی اور قرآن خانی بھی کی جائے گی

منگل 21 اپریل 2015 22:26

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21اپریل۔2015ء ) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے اعلان کیا ہے کہ سنی اتحاد کونسل طارق محبوب کی سرکاری حراست میں المنا ک موت کے خلاف جمعہ 24اپریل کو یو م مذمت منائے گی ۔اس موقع پر ملک بھرمیں طارق محبوب کی ماورائے عدالت موت کے خلاف جمعہ کے اجتماعات میں مذمتی قراردادیں منظور کی جائیں گی اور نماز جمعہ کے بعد مساجد میں طارق محبوب کے ایصال ثواب کیلئے قر آن خوانی کی جائے گی ۔

صاحبزادہ حامد رضا کی طرف سے میڈیا کو جاری کئے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ چینی صدر کے دورہ ء پاکستان کا خیر مقدم کرتے ہیں ۔چینی صدر کی آمد پر باقی صوبوں کو نظر انداز کرکے صرف پنجاب کے وزیر اعلی کو بلایا جانا قابل مذمت ہے۔امریکی اسلحہ عرب ممالک کی جنگوں کو ہوا دے رہا ہے۔

(جاری ہے)

نواز شریف، اسحاق ڈار اور آصف زرداری کی جائیدادیں اور اولادیں عرب امارات میں ہیں اس لئے وہ یمن بحران پر ملک کے بجائے ذاتی مفادات میں فیصلے کرنا چاہتے ہیں ۔

حکمران بدلے بغیر قوم کا مقدر نہیں بدلے گا۔کرپشن کے خلاف بھی ضرب عضب کی ضرورت ہے۔بلوچستان حکومتی توجہ کا خصوصی مستحق ہے۔قومی ادارے دیکھ کر قر ض اتارنے کی حکومتی پالیسی درست نہیں ۔ن لیگ کی دو سال کی حکومت کے دوران لوڈشیڈنگ کم ہو نے کے بجائے بڑ ھ گئی ہے۔کراچی کے ضمنی الیکشن میں فریقین سیاسی آداب کا خیال رکھیں ۔مسلم ممالک متحد ہو کر یمن کی صورتحال کا پر امن حل نکالیں ۔

امریکہ برصغیر کے ممالک کو بھارت کا طفیلی بنانے کی کوششیں کررہا ہے۔حقیقی اپوزیشن نہ ہونے کی وجہ سے حکومت من مانی کررہی ہے۔امت مسلمہ کی ذمہ داری ریاض نہیں ریاض الجنہ کا دفاع ہے۔ملک میں زر اور زرو کی سیاست کے خاتمے سے حقیقی جمہوریت آئے گی ۔سعودی عرب کی خواہش پر پاکستانی فوج یمن بھیجی گئی تو پاکستان یمن کی خانہ جنگی میں الجھ جائے گا۔سعودی عرب شام میں باغیوں کی حمایت اور یمن میں مخالفت کررہا ہے۔اسلام میں بادشاہت کی کو ئی گنجائش نہیں ۔