طربیہ فنکار موجودہ کثیف ماحول میں بادبہار کی مانندہیں‘رانا ارشد

منور ظریف ‘ معین اختر‘ مستانہ اور ببوبرال جیسے فنکار معاشرے میں خوشیاں بکھیر کر غموں میں کمی کا باعث تھے پارلیمانی سیکرٹری کاپلاک میں کلچرل جرنلسٹ فاؤنڈیشن اور محکمہ اطلاعات کے اشتراک سے منعقدہ تقریب سے خطاب

منگل 21 اپریل 2015 22:26

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21اپریل۔2015ء ) صوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و ثقافت رانا محمد ارشد نے کہا ہے کہ فن اور فنکار ہمارے معاشرے کا ثقافتی اثاثہ ہیں، حکومت پنجاب فنکاروں کی ثقافتی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ پلاک میں کلچرل جرنلسٹس فاؤنڈیشن اور محکمہ اطلاعات و ثقافت کے اشتراک سے منفرد اور لاثانی اداکار منور ظریف ‘ معین اختر‘ مستانہ اور ببوبرال مرحوم کی ثقافتی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پارلیمانی سیکرٹری رانا محمد ارشد نے کہا کہ حکومت پنجاب وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کی ہدایت پر فنکاروں کو درپیش مسائل کے حل کے لئے ہمہ وقت کوشاں ہے اور ثقافتی سرگرمیوں کے فروغ اور عوام کو سستی تفریح مہیا کرنے کی غرض سے حکومت پنجاب سینما ٹیکس ختم کر چکی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سینئر فنکار ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں۔ ان کی خدمات کو ہر سطح پر تسلیم کیا جاتا ہے اور حکومتی ادارے فنکاروں کے مسائل کے حل کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔ رانا ارشد نے کہا کہ منور ظریف ‘ معین اختر‘ مستانہ اور ببوبرال جیسے فنکار معاشرے میں خوشیاں بکھیر کر غموں اور دکھوں میں کمی کا باعث تھے۔ طربیہ فنکار موجودہ کثیف ماحول میں بادبہار کی مانندہیں۔ معاشرہ ان کی ثقافتی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کر سکے گا۔