سراج الحق کی طرف سے مصر کے سابق صدر ڈاکٹر محمد مرسی کو سزا سنانے کی مذمت

مصر میں سنائی جانے والی ظالمانہ سزاؤں پر امریکہ اور عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں کی خاموشی شرمناک ہے

منگل 21 اپریل 2015 22:21

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21اپریل۔2015ء ) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے مصر کے سابق صدر ڈاکٹر محمد مرسی کو 20سال سزا سنانے کی شدید مذمت کی ہے ۔ اپنے بیان میں سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ مصر کی نام نہاد عدالت کی طرف سے اخوان المسلمون کے رہنماؤں کو سنائی جانے والی سزائیں انصاف کا قتل عام ہے ۔ اس سے پہلے اخوان المسلمون کے معمر مرشد عام سمیت درجنوں رہنماؤں کو سزائے موت سنائی جاچکی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ مصر میں سنائی جانے والی ظالمانہ سزاؤں پر امریکہ اور عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں کی خاموشی شرمناک ہے ۔ سابق صدر مرسی مصر کی جمہوری حکومت کے منتخب صدر ہیں، انہیں غیر آئینی اور غیر قانونی طور پر معزول کیا گیا ہے ۔ سراج الحق نے کہاکہ پاکستان سمیت دیگر مسلم ممالک نے اس ظلم کے خلاف مجرمانہ خاموشی اختیار کر رکھی ہے ۔سراج الحق نے کہاکہ جہاں کہیں مسلمان ملک میں جمہوری حکومت کا تختہ الٹا جاتاہے ،امریکہ اور مغربی ممالک اس کی حمایت کرتے ہیں جس کے نتیجے میں مسلم دنیا کے عوام میں جمہوریت سے مایوس ہوکر انتقامی سیاست کی طرف بڑھنے کا رجحان پایا جارہاہے ۔ دنیا کے جمہوری ممالک اور اقوام متحدہ کو اس کا نوٹس لیناچاہیے ۔

متعلقہ عنوان :