سرزمین حرمین شریفین کے تحفظ کیلئے حکومت پاکستان کو سعودی عرب کا کھل کر ساتھ دینا چاہیے‘حافظ محمد سعید

اسلام دشمن قوتوں کو پاکستان اور افغانستان میں خفت اٹھانا پڑی ، بدلہ وہ مسلمانوں کے روحانی مرکزسعودی عرب سے لینا چاہتے ہیں سعودی عرب کو اس وقت باغیوں سے خطرات لاحق ہیں اس لئے ہمیں ساری صورتحال کو سمجھنا ہو گا‘امیر جماعۃ الدعوۃ کا اجلاس سے خطاب

منگل 21 اپریل 2015 22:21

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21اپریل۔2015ء ) امیر جماعۃالدعوۃ پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعیدنے کہا ہے کہ سعودی عرب اس وقت حالت جنگ میں ہے‘ سرزمین حرمین شریفین کے تحفظ کیلئے حکومت پاکستان کو سعودی عرب کا کھل کر ساتھ دینا چاہیے، بدھ کو جہلم اور گجرات میں تحفظ حرمین شریفین کانفرنسیں ہوں گی جہاں مذہبی و سیاسی قائدین خطابات کریں گے۔

ملک کے دیگر شہروں میں بھی کانفرنسوں اور جلسوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز القادسیہ چوبرجی میں جماعۃالدعوۃ کے مرکزی و صوبائی ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جماعۃالدعوۃ سیاسی امور کے سربراہ پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی، پروفیسر ظفر اقبال، مولانا امیر حمزہ، مولانا سیف اﷲ خالد، مولانا نصر جاوید، انجینئر نوید قمر، حافظ محمد مسعود، مولانا ابو الہاشم، محمد یحییٰ مجاہد، حافظ طلحہ سعید، حافظ خالد ولید، ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی و دیگر موجود تھے۔

(جاری ہے)

جماعۃالدعوۃ کے سربراہ حافظ محمد سعید نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ اسلام دشمن قوتوں کو پاکستان اور افغانستان میں خفت اٹھانا پڑی اس کا بدلہ وہ مسلمانوں کے روحانی مرکزسعودی عرب سے لینا چاہتے ہیں۔ہم نے متحد ہو کر ان سازشوں کو ناکام بنانا اور مسلم امہ کو اصل حقائق سے آگاہ کرنا ہے ۔ اسی مقصد کے تحت ہم پورے ملک میں تحفظ حرمین شریفین کے حوالہ سے بھرپور تحریک جاری رکھے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ صنعا اور عدن پر حملہ کے بعد حوثیوں نے مکہ اور مدینہ پر قبضہ کا اعلان کیا جس کے بعد سعودی عرب نے مسلم دنیا سے مشاورت کے بعد ان کے خلاف کاروائی کا آغاز کیا۔سعودی عرب کو اس وقت باغیوں سے خطرات لاحق ہیں اس لئے ہمیں ساری صورتحال کو سمجھنا ہو گا۔ جماعۃالدعوۃ صیہونی سازشوں وآپس کی لڑائیوں کا خاتمہ اور حرمین کا تحفظ چاہتی ہے۔

علماء اور سیاستدان عوام کو حقائق سمجھائیں۔ کارکنان گھر گھر جاکر لوگوں کو اصل صورتحال سے آگاہ کریں۔انہوں نے کہاکہ سرزمین حرمین شریفین کے تحفظ کیلئے اپنا سب کچھ قربان کرنے کیلئے تیار ہیں۔صلیبی و یہودی سازشیں کر رہے ہیں کہ اس مسئلہ کو ایران و سعودی عرب کی لڑائی بنا کر پیش کیا جائے تاکہ اصل مسئلہ دب جائے اور مسلم ملکوں میں شیعہ سنی لڑائی کے سلسلے پروان چڑھائے جائیں۔

دریں اثناء جماعۃالدعوۃ کے زیر اہتمام منگل کو بھی ساہیوال، اوکاڑہ،گوجرانوالہ، فیصل آباد، ملتان اور قصور میں کانفرنسوں کا انعقاد کیا گیا جن میں تمام مکاتب فکر اور شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ ساہیوال میں مولانا عبدالغفار بہاولپوری، مولانا بشیر احمد خاکی اورمولانا محمد یوسف ربانی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ حرمین شریفین کے تحفظ کے لئے یمن میں بغاوت کو کچلنا بہت ضروری ہے۔

اس مقصد کے لئے پوری قوم یکسو ہے اور ہر طرح کی قربا نی دینے کے لئے تیار ہے۔حکمرانوں کو بروقت اور صحیح فیصلے کرنے چاہئیں اور حرمین شریفین کے تحفظ کیلئے سعودی عرب کے ہر مطالبہ کو پورا کرنا چاہئے۔ گوجرانوالہ میں جماعۃالدعوۃ کے رہنما خالد سیف الاسلام ، مولانا عبدالعزیزمدنی نے اوکاڑہ، مولانا غلام قادر سبحانی نے جہلم، قاری گلزار احمد اور حافظ محمد اکرم نے فیصل آباد، حافظ سیف اﷲ اعظم نے بورے والا ، مولانا محمد یونس قصوری نے ملتان اور مولانا سلیم اعظم بلوچ نے قصور میں خطاب کرتے ہوئے کہاکہ سعودی عرب نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔ حرمین شریفین کے تحفظ کیلئے پاکستانی قوم بھی کسی طور پیچھے نہیں رہے گی۔