گرمی کی شدت کی وجہ سے بجلی کی طلب میں مسلسل اضافہ جاری ،شارٹ فال 4400میگاواٹ ہو گیا

شہری علاقوں میں 10سے 12،دیہی اور مضافاتی علاقوں میں 12سے 14گھنٹے تک لوڈ شیڈنگ جاری مختلف علاقوں میں پانی کی قلت بھی سنگین ہونے لگی ،بجلی کی مجموعی طلب 14ہزار 600اور پیداوار 10ہزار 200میگاواٹ تک ہے

منگل 21 اپریل 2015 22:21

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21اپریل۔2015ء ) گرمی کی شدت کی وجہ سے بجلی کی طلب میں مسلسل اضافہ جاری ہے جبکہ بجلی کا شارٹ فال 4400میگاواٹ ہو گیا، شہری علاقوں میں 10سے 12گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کے ساتھ غیر اعلانیہ بندش بھی ہونے لگی ہے جبکہ دیہی اور مضافاتی علاقوں میں 12سے 14گھنٹے تک لوڈ شیڈنگ جاری ہے ، لوڈ شیڈنگ کے باعث مختلف علاقوں میں پانی کی قلت بھی سنگین ہونے لگی ۔

این ٹی ڈی سی ذرائع کے مطابق بجلی کی مجموعی طلب 14ہزار 600اور پیداوار 10ہزار 200میگاواٹ تک ہے۔ پن بجلی کی پیداوار بڑے ڈیموں سے پانی کا اخراج نہ بڑھنے کے باعث ابھی تک استعداد کے مطابق نہیں ہے۔ حکام کے مطابق آئندہ چند روز میں زرعی ضرورت کے لئے ڈیموں سے پانی کا اخراج زیادہ ہو گا تو بجلی کی مجموعی پیداوار بھی بڑھ جائے گی تاہم شارٹ فال کی موجودہ صورتحال میں شہری علاقوں میں 10سے 12گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کے ساتھ غیر اعلانیہ بندش بھی ہونے لگی ہے جبکہ دیہی اور مضافاتی علاقوں میں 12سے 14گھنٹے تک لوڈ شیڈنگ ہو رہی ہے۔

(جاری ہے)

لاہور میں سورج نکلتے ہی درجہ حرارت دو سے تین ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھ گیا۔ لوڈ شیڈنگ کے باعث ٹیوب ویل نہ چلنے کے باعث مختلف علاقوں میں پانی کا بحران میں سنگین ہوتا جا رہا ہے جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔

متعلقہ عنوان :