ڈی جی سپورٹس پنجاب نے ہاکی ورلڈ کپ کی میزبانی کی پیشکش کردی

ہاکی فیڈریشن غیر ملکی ٹیموں کو پاکستان آنے پر راضی کرے، پنجاب حکومت ورلڈ کپ کے تمام اخراجات برداشت کریگی اور غیرملکی ٹیموں کو بھرپور سکیورٹی دیگی وزیراعلیٰ پنجاب ہاکی میں خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں، ہاکی ٹیم کے غیر ملکی دوروں کیلئے بھی تعاون کرینگے،عثمان انور کی نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو

منگل 21 اپریل 2015 22:16

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21اپریل۔2015ء) ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عثمان انور نے کہا ہے کہ ہاکی ورلڈ کپ کی میزبانی کیلئے تیار ہیں، ہاکی فیڈریشن غیرملکی ٹیموں کو پاکستان آنے پر راضی کرے، غیرملکی ٹیموں کو بھرپور سکیورٹی فراہم کریں گے۔ ہاکی ہمارا قومی کھیل ہے اور انشاء اﷲ بہت جلد بحران سے نکل جائے گی، سپورٹس بورڈ پنجاب ماضی کی طرح مستقبل میں بھی ہاکی کی مدد اور تعاون جاری رکھے گا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں منگل کے روز نمائشی ہاکی میچ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انوراولمپک کوالیفائنگ راؤنڈ کی تیاری کے سلسلہ میں نمائشی میچ کے مہمان خصوصی تھے،انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سپورٹس بلخصوص ہاکی میں خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں، ہاکی کے کھلاڑیوں کی مالی مدد بھی کی ہے، مستقبل میں بھی ہاکی کی مالی مدد اور معاونت کرتے رہیں گے۔

(جاری ہے)

ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انور نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کو ہاکی ورلڈ کپ منعقد کرانے کی پیشکش کرتے ہوئے کہاکہ ہاکی فیڈریشن غیر ملکی ٹیموں کو پاکستان آنے پر راضی کرے، پنجاب حکومت ورلڈ کپ کے تمام اخراجات برداشت کرے گی۔

پاکستان میں سکیورٹی کے حالات اب بدل چکے ہیں، غیر ملکی ٹیموں کو بھرپور سکیورٹی فراہم کی جائیگی۔ ہاکی کے غیر ملکی دوروں کیلئے بھی مدد کریں گے۔قبل ازیں سٹیڈیم آمد پر پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری رانا مجاہد نے ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انور کو گلدستہ پیش کیا۔ بعد میں دونوں ٹیموں کا ان سے تعارف بھی کرایا گیا۔

متعلقہ عنوان :