ایرانی آرمی چیف کی سعودی عرب پر حملے کی دھمکی‘ اہل حدیث یوتھ فورس کا احتجاجی مظاہرہ

ایران کے آرمی چیف کی دھمکی سے بلی تھیلے سے باہر آگئی‘تازہ دھمکی کے بعد پاک فوج کی سعودی عرب روانگی ناگزیر ہو چکی ہے، مقررین کا خطاب

منگل 21 اپریل 2015 22:15

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21اپریل۔2015ء) اہل حدیث یوتھ فورس نے ایرانی فوج کے سربراہ کی سعودی عرب کو واضح دھمکی کے خلاف لاہور پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ جس کی قیادت مرکزی رہنما حافظ بابر فاروق رحیمی نے کی۔ مظاہرے میں سینکڑوں افراد نے ٹائر جلا کر ایران کے خلاف احتجاج کیا اور سعودی عرب کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا گیا۔ مظاہرے سے مرکزی راہنما مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان حافظ بابر فاروق رحیمی‘ اہل حدیث یوتھ فورس لاہور کے صدر حافظ ارشد عمران ظہیر‘ مولانا عطاء الرحمن حقانی‘ حافظ یٰسین طٰہٰ اور عمران مجاہد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی فوج کے چیف کی دھمکی کے بعد سعودی عرب فوج بھیجنے کی مخالفت کا جواز ختم ہو گیا ہے اور حوثی باغیوں کے بارے سعودی خدشات درست ثابت ہو گئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایرانی فوجی چیف کی دھمکی سے ایران کی طرف سے حوثی باغیوں کی سرپرستی بے نقاب ہو گئی ہے اور ایران کا اصل چہرہ اور مکروہ عزائم دنیا کے سامنے آگئے۔ انہوں نے سلامتی کونسل سے اس دھمکی کے نوٹس کا مطالبہ کیا۔ سعودی عرب کا یمن کی قانونی حکومت کی درخواست پر مدد کا فیصلہ شریعت کے عین مطابق ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کو ملنے والی دھمکی کے بعد پاک فوج بھیجنے کی مخالفت ببے معنی ہو کر رہ گئی ہے۔

قائد اہل حدیث سینیٹر پروفیسر ساجد میر کے خدشات درست ثابت ہو رہے ہیں کہ حوثی باغیوں کی ایرانی سرپرستی عالم اسلام اور دنیا کا امن تباہ کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مکہ مدینہ پر قبضے کا خواب کبھی پورا نہیں ہو سکتا۔ ایرانی آرمی چیف کی دھمکی دراصل گیدڑ بھبکی ہے۔ سعودیہ پر حملے کی واضح دھمکی کے بعد پارلیمنٹ کی قرارداد اپنی اہمیت کھو گئی ہے۔ تازہ دھمکی کے بعد پاک فوج کی سعودی عرب روانگی ناگزیر ہو چکی ہے۔