انسداد ڈینگی مہم میں ذرا سی غفلت بڑے سانحہ کا باعث بن سکتی ہے‘ سید مبشر حسین

ڈینگی لاروا سرویلنس کے ساتھ آگاہی مہم کو بھی ہر گھر کے دروازے تک پہنچایا جائے کیونکہ انتظامیہ اور عوام مل کر ہی ڈینگی کو ختم کر سکتے ہیں، ایڈیشنل سیکرٹری محنت و افرادی وسائل پنجاب

منگل 21 اپریل 2015 22:15

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21اپریل۔2015ء) ایڈیشنل سیکرٹری محنت و افرادی وسائل پنجاب سید مبشر حسین نے انسداد ڈینگی اجلاس میں عدم حاضر افسران کو اظہار وجوہ کے نوٹس بھجوانے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ انسداد ڈینگی مہم میں ذرا سی غفلت بڑے سانحہ کا باعث بن سکتی ہے اس لیے اس حوالے سے معمولی سی کوتاہی بھی ناقابل برداشت ہے- انہوں نے کہا کہ وہ طے شدہ دوروں کے علاوہ پورے راوی ٹاؤن کے اچانک دورے بھی کریں گے تاکہ فیلڈ ٹیموں کی مانیٹرنگ کو مزید فعال بنایا جا سکے- ایڈیشنل سیکرٹری سید مبشر حسین نے کہا کہ ڈینگی لاروا سرویلنس کے ساتھ ساتھ آگاہی مہم کو بھی ہر گھر کے دروازے تک پہنچایا جائے کیونکہ انتظامیہ اور عوام مل کر ہی ڈینگی کو ختم کر سکتے ہیں- انہوں نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ گٹروں اور سیوریج لائنوں کی صفائی کے بعد کچرے کو فوری طور پر ٹھکانے لگایا جائے-ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ محنت و افرادی وسائل پنجاب سید مبشر حسین نے ان خیالات کا اظہار راوی ٹاؤن انسداد ڈینگی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا- اجلاس میں ایڈمنسٹریٹر راوی ٹاؤن، ٹی ایم او راوی ٹاؤن اور انسداد ڈیگی کمیٹی اراکین نے شرکت کی-

متعلقہ عنوان :