کسانوں سے براہ راست گندم خریدنے کے لیے لاہور ڈویژن سمیت پورے پنجاب میں 376 گندم خریداری مراکز قائم کیے گئے ہیں‘عبداﷲ خان سنبل

حکومت پنجاب نے فی من گندم کی خریداری قیمت 1300/- روپے مقرر کی ہے‘کسان اپنے بھائیوں کو حکومت کی طرف سے احسن اقدام سے آگاہ کریں اور کسی افواہ کا شکار نہ ہوں‘کمشنر لاہور ڈویژن

منگل 21 اپریل 2015 22:08

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21اپریل۔2015ء) کمشنر لاہور ڈویژن عبداﷲ خان سنبل نے صوبائی وزیر خوراک پنجاب بلال یسین کے ہمراہ گندم خریداری کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ اس سال کسانوں سے براہ راست گندم خریدنے کے لیے لاہور ڈویژن سمیت پورے پنجاب میں 376 گندم خریداری مراکز قائم کیے گئے ہیں جن کے ذریعے 130 ارب روپے کی ریکارڈ مالیت سے 40 لاکھ ٹن گندم خریدی جائے گی- انہوں نے اجلاس میں موجود لاہور ڈویژن کے چاروں اضلاع سے آئے ہوئے گندم کے کاشتکاروں سے کہا کہ حکومت پنجاب نے فی من گندم کی خریداری قیمت 1300/- روپے مقرر کی ہے- اب کسان بھائیوں کا فرض ہے کہ وہ دوسرے کسانوں کو بھی حکومت کی طرف سے احسن اقدام سے آگاہ کریں اور کسی افواہ کا شکار نہ ہوں- کمشنر لاہور نے کہا کہ چاروں اضلاع کے ڈی سی اوز، ضلعی محکمہ خوراک کے افسران اور ریونیو افسران آپ کے ساتھ موجود ہیں- حکومت کی واضح ہدایات کے مطابق گندم کی خریداری اور کسانوں کو ادائیگی کے طریقہ کار کو نہایت شفاف بنایا گیا ہے- انہوں نے کہا کہ تمام کاشتکاروں سے حکومت براہ راست رابطہ بھی کرے گی تاکہ ہر شکایت کا ازالہ اور ہر سہولت کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے- کمشنر لاہور نے کسانوں کی طرف سے پیش کردہ تجاویز کو سراہتے ہوئے کہا کہ امسال گندم خریداری کی براہ راست مانیٹرنگ وزیراعلی پنجاب کریں گے جس کے لیے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ جدید طریقہ کار متعارف کرا رہا ہے

متعلقہ عنوان :