Live Updates

پشاور،بلدیاتی انتخابات کا انعقاد تحریک انصاف کی جدوجہد کا ثمر ہے ،ڈاکٹر امجد علی

منگل 21 اپریل 2015 21:51

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21اپریل۔2015ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات کا انعقاد تحریک انصاف کی کاوشوں سے ممکن ہوا ہے جس کی بدولت عام غریب لوگ صوبے کی تعمیر و ترقی میں اپناکردار کرنے کے ساتھ ساتھ اپنے مقامی سطح کے مسائل کو خود حل بھی کر سکیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سوات کی یونین کونسل تھانہ کے علاقہ شریفئی میں ایک شمولیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر معززین علاقہ اور تحریک انصاف کے مقامی عہدیداران بھی موجود تھے۔ڈاکٹر امجد علی نے کہا کہ صوبائی حکومت نے فرسودہ نظام اور جھوٹی سیاست کی روایات کا تدارک کرتے ہوئے حقیقی معنوں میں عوام کی خدمت شروع کی ہے یہی وجہ ہے کہ آج دوسری جماعتوں کے لوگ جوق در جوق اپنی جماعتوں سے مستعفی ہو کر پی ٹی آئی میں شامل ہو رہے ہیں جو اس بات کی دلیل ہے کہ عوام کو تحریک انصاف اور صوبائی حکومت پر بھرپور اعتماد ہے اور ہمیں امید ہے کہ بلدیاتی انتخابات میں بھی پی ٹی آئی کے امیدوار بھاری تعداد میں کامیاب ہوں گے۔

(جاری ہے)

اجتماع کے دوران علاقے کی معروف شخصیات نے اپنے سینکڑوں ساتھیوں اور خاندانوں سمیت عوامی نیشنل پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ سے مستعفی ہو کر پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کی۔ڈاکٹر امجد علی نے نئے شامل ہونے والے ورکروں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ ان کی شمولیت سے پارٹی مزید مستحکم ہوگی اورعوام کی بہتر طور پر خدمت کر سکے گی۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے لوگ اپنے قائد عمران خان اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک کی قیادت میں قانون کی بالادستی، آئین کی حکمرانی اور عوام کو عدل و انصاف کی فراہمی کی جدوجہد جاری رکھے گی۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات