تحریک انصاف کے عملی سیاست میں آنے سے پاکستانی سیاست میں واضح تبدیلی نظر آگئی ہے،ضیاء اﷲ آفریدی

منگل 21 اپریل 2015 21:48

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21اپریل۔2015ء) خیبر پختونخوا کے وزیر برائے معدنی ترقی اور پشاور میگا پراجیکٹس کے کوآرڈینیٹر و فوکل پرسن ضیاء اﷲ آفریدی نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے ترقیاتی و اصلاحاتی اقدامات اور دیگر فیصلوں میں قومی ترقی اور مفاد عامہ کو ہمیشہ پیش نظر رکھا ہے۔ذاتی مفاد پر مبنی سیاست اس کا وطیرہ نہیں۔ انہوں نے واضح کیاکہ پی ٹی آئی کی مخالف سیاسی جماعتو ں کو اس کا مقابلہ کرنے کے لئے اپنی سوچ اور پالیسیوں میں واضح تبدیلی لانا ہوگی۔

صوبائی وزیر منگل کے روز پشاور میں سیاسی عمائدین کے ایک وفد سے گفتگوکر رہے تھے۔ضیاء اﷲ آفریدی نے اس موقع پر تحریک انصاف کی پالیسیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ اس نے اپنے عوام دوست اور انقلاب انگیز وژن کے ذریعے نہ صرف عوامی مقبولیت حاصل کی ہے بلکہ عرصہ دراز سے اقتدار کے ایوانوں میں براجمان سیاسی جماعتوں کیلئے ایک چیلنج بن کر بھی ابھری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف کے عملی سیاست میں آنے سے پاکستانی سیاست میں واضح تبدیلی نظر آ رہی ہے اب مفاد پر مبنی سیاست کی کوئی گنجائش نہیں کیونکہ عوام کارکردگی کی بنیاد پر اپنے نمائندوں کا انتخاب کریں گے جوان کے بہتر مستقبل کے لئے عملی جدوجہد کر سکیں۔ صوبائی وزیر نے اس موقع پر پشاور میں جاری ترقیاتی و اصلاحاتی اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی اقدامات کی سخت مانیٹرنگ کی جا رہی ہے تاکہ مطلوبہ نتائج کے حصول کو یقینی بنایا جاسکے۔انہوں نے مزید واضح کیاکہ پشاور میں آمدورفت کی روانی کو متاثر کرنے والی رکاوٹوں اور دیگر وجوہات کا بھی نوٹس لیا گیا ہے جس کے ازالے کے لئے دیر پا اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :