عوام بلدیاتی انتخابات میں آزمائے ہوئے لوگوں کو بار بار نہ آزمائیں ،امتیاز شاہد قریشی

ایسی محب وطن ،مخلص قیادت کا انتخاب کریں جسے لوگوں کے مسائل کا ادراک ہو، ملک و قوم کو مشکلات کی دلدل سے نکالنے کی صلاحیتیں بھی موجودہوں،وزیرقانون خیبرپختونخوا

منگل 21 اپریل 2015 21:48

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21اپریل۔2015ء) خیبر پختونخوا کے وزیر قانون، پارلیمانی امور اور انسانی حقوق امتیاز شاہد قریشی ایڈوکیٹ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ بلدیاتی انتخابات میں آزمائے ہوئے لوگوں کو بار بار نہ آزمائیں بلکہ ایسی محب وطن اور مخلص قیادت کا انتخاب کریں جسے لوگوں کے مسائل کا ادراک ہواور ان میں ملک و قوم کو مشکلات کی دلدل سے نکالنے کی صلاحیتیں بھی موجودہوں۔

یہ اپیل انہوں نے پی کے 39کوہاٹ کی شاہ پوریونین کونسل میں ڈیڑھ کروڑروپے کی لاگت کے کازوے، گاؤں بڑھ میں1کروڑ 27لاکھ روپے کی لاگت کے گرلز مڈل سکول او ر 55لاکھ روپے مالیت کے BHUسلیمان تالاب کی تعمیرومرمت کے کاموں کی افتتاحی تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کی۔ انہوں نے اس موقع پر بڑھ کی خوڑ پر پُل کی تعمیر کے لئے 40 لاکھ اوربڑھ روڈ کی ضروری تعمیر ومرمت کے لئے بھی مطلوبہ فنڈز کی فراہمی کااعلان کیا۔

(جاری ہے)

تقریب سے مقامی عمائدین روشن گل اورفخرالاسلام نے بھی خطاب کیااورعلاقے کی ترقی اورخوشحالی کے لئے وزیر موصوف کی کوششوں کوسراہتے ہوئے انہیں اپنے مکمل تعاون کایقین دلایا۔ وزیر قانون نے شاہ پور یونین کونسل میں سرکاری اراضی پرآباد لوگوں کے مسائل کاذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سے خصوصی ملاقات کریں گے اور یہاں کے لوگوں کوبھی جرمہ کی طرز پر مالکانہ حقوق دلوانے کی کوشش کریں گے۔

صوبائی وزیر نے کہاکہ لڑکیوں کی تعلیم کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جاسکتا لہٰذا پی ٹی آئی کی حکومت نے اپنی توجہ اس جانب بھی مرکوز کی ہے۔ انہوں نے مذکورہ گرلز مڈل سکول کوآئندہ تین سالوں میں ہائی کادرجہ دینے کابھی وعدہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کے حلقہ نیابت میں 135 دیہات ہیں جن میں 80 فیصد سے زیادہ سکولوں کی سہولت سے محروم ہیں لیکن اس کے باوجود سب سے پہلے بڑھ کو سکول کی فراہمی ان کا اس علاقے سے دلی محبت کا بین ثبوت ہے۔انہوں نے کہاچونکہ تعلیم ہرکسی کابنیادی حق ہے لہٰذا ان کی بھرپور کوشش ہے کہ اس مد میں وزیر اعلیٰ سے خصوصی پیکیج کے تحت زیادہ سے زیادہ سکول منظورکرائیں تاکہ عوام کو ان کا یہ بنیادی حق ان کی دہلیز پرملے سکے۔

متعلقہ عنوان :