بے لاگ مانیٹرنگ سے ضمنی الیکشن کو شفاف و منصفانہ بنانے کو شش کریں گے ،ووٹرز الائنس پاکستان

منگل 21 اپریل 2015 21:42

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21اپریل۔2015ء) ملک بھر کے ووٹرز (انتخابی رائے دہندگان ) کی نمائندہ واحد ملک گیر تنظیم ’’ ووٹرز الائنس پاکستان‘‘ کے مرکزی رہنماؤں نے اعلان کیا ہے کہ الائنس کی مانیٹرنگ ٹیموں کے ایک ہزار سے 1500 جمہوری رضاکارکراچی میں قومی اسمبلی کے حلقے NA-246 کے ضمنی الیکشن کو ہر لحاظ سے مکمل طور پر آزادانہ، منصفانہ ، غیر جانبدارانہ اور شفاف بنانے کیلئے انتخابی عمل کی بھرپور مانیٹرنگ کرنے کیلئے مکمل طور پر تیار ہیں مگر بعض ناگزیر وجوہ اور متعلقہ سرکاری حکام کی جانب سے الائنس کو تا حال مالی گرانٹ اور دیگر سہولتوں کی عدم فراہمی کیوجہ سے اب مانیٹرنگ کے اس پروگرام کو محدود کرتے ہوئے ’’ ووٹرز الائنس پاکستان ‘‘ کی ایک خاتون اور 2 مرد کارکنوں پر مشتمل کم از کم 15 سے 25ٹیمیں23 اپریل کو NA-246 میں ہونے والے ضمنی الیکشن کو اپنے مرکزی مانیٹرنگ کیمپ اور موبائل مانیٹرنگ ٹیموں کے حلقے میں دوروں کے ذریعے حتی المقدور حد تک مانیٹر کرنے کی کوشش کریں گی۔

(جاری ہے)

االائنس کے ذرائع نے اس امر کیلئے اعلان کیا ہے کہ مرکزی مانیٹرنگ کیمپ انتخابی حلقے کے مرکزی مقام پر لگایا جائیگا جس کا رابطہ نمبر 0300-2503876 ہو گا جس پر تمام پارٹی و آزاد امیدوارکسی بھی قسم کی انتخابی دھاندلی، بے قائدگی، بے ضابطگی،انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی یا غندہ گردی اور نامناسب اقدام کی شکایت بالمشافہ طور پر یا بذریعہ فون کال یا SMS درج کر اسکیں گے جنہیں بعد ازاں الیکشن کمیشن کے سپرد کر کے انتخابی عمل کا حصہ بنا دیا جائیگا۔

اس سلسلے میں گذشتہ روز الائنس کے مرکزی سیکریٹریٹ میں بانی و مرکزی چیئرمین جمیل اقبال سیّد کے زیر صدارت مرکزی رہنماؤں کا اہم اجلاس ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ الائنس کے مانیٹرنگ پروگرام کے انچارج وورکرز ویلفیئر ٹرسٹ رجسٹرڈ کے صدر اور معروف مزدور رہنما ایس ایم ریحان ہونگے جبکہ دیگر ٹیموں کے انچارجز میں الائنس کے دیگرمرکزی رہنما اے ڈی قریشی، شکیل ملک، حسنین عباس زیدی، فیصل غوری، راؤ صولت علی خان، آفتاب احمد، مومن محمدی، ناصر عباس و دیگر شامل ہونگے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ الائنس کی مانیٹڑنگ ٹیمیں امیدواروں کے الیکشن کیمپس اور پولنگ اسٹیشنز کے باہر سیاسی ورکرز اور ووٹرز کی سرگرموں کے ساتھ ساتھ ممکن ہوا تو پولنگ اسٹیشن کے اندر جا کر انتخابی عمل میں مصروف الیکشن کمیشن کے انتخابی عملے ، امیدواروں کے پولنگ ایجنٹس اور دیگر عملے و افراد کی سرگرمیوں کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ ان سے انتخابی عمل پر اعتراض یا اطمینا ن کا بھی تحریری طور پر دریافت کرینگی۔

اجلاس میں اس امر پر بھی زور دیا گیا کہ مانیٹرنگ میں پارٹی امیدواروں اور ورکرز سمیت سرکاری حکام کی نقل و حرکت اور سرگرمیوں کو بھی مانیٹر کیا جائیگا تاکہ سیاسی عناصر کی جانب سے حکومت پر دھاندلی کے امکانی طور پرظاہر کئے گئے شک و شبہ کا بھی تدارک کیا جا سکے۔الائنس کے رہنماؤں نے کہا کہ الائنس کی جانب سے الیکشن مانیٹرنگ کا یہ پروگرام ملک کی سیاسی و جمہوری تاریخ کا منفرد پروگرام ہے جس سے انتخابی عمل کی شفافیت اور غیر جانبداری کو شک و شبے سے پاک کرنے میں بے انتہا مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ الائنس کا یہ تجربہ کامیاب رہا تو الائنس ہر الیکشن میں اسی طرح مانیٹرنگ کا فریضہ پورا کیا کریگا۔ ووٹرز الائنس پاکستان کے مرکزی رہنماؤں نے الیکشن کمیشن آف پاکستان، آذاد امیدواروں اور سیاسی امیدواروں کی سیاسی پارٹیوں کی قیادتوں سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حکام سے اپیل کی ہے کہ وہ سب مل کر حلقہ NA-246 کے انتخابی عمل کو مکمل طور پر پرامن، آزادانہ، منصفانہ، غیر جانبدارانہ اور شفاب بنانے کی کوشش کریں تاکہ ملک میں جمہوریت کا پودا مزید مضبوطی اختیار کرے اور عوام کو انکے حقوق کی منتقلی کے ساتھ ساتھ انکے مسائل کو حل نکلنا شروع ہوجائے۔

الائنس کے رہنماؤں نے میڈیا، نشریاتی اداروں اور تمام متعلقہ سرکاری حکام، غیر سرکاری عمائدین اور ووٹرز و عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ انتخابی عمل کے انعقاد کو ہر حال میں شفاف اور قابل قبول بنانے میں الائنس کے ساتھ ہر ممکن تعاون کریں۔

متعلقہ عنوان :