جیتا توکنٹونمنٹ حکام کے ساتھ مل کر مسائل پر قابوپاؤں گا، ماجد قریشی

منگل 21 اپریل 2015 21:22

راولپنڈی ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21اپریل۔2015ء ) راولپنڈی کینٹ بورڈ وارڈ نمبر 1سے پاکستان عوامی تحریک کے امیدوار ماجد مہربان قریشی نے کہا ہے کہ یہ وارڈ آبادی کے لحاظ سے سب سے بڑا وارڈ ہے۔ 32ہزار ووٹرز کیلئے کوئی باقاعدہ قبرستان نہیں، اسی طرح کرسچین کالونی کے سینکڑوں گھرانے بھی اس سہولت سے محروم ہیں ۔علاقے کے ایم این اے اور ایم پی اے سے کئی مرتبہ اس بنیادی مسئلے پر جرگے ہوئے مگر سوائے مایوسی کچھ ہاتھ نہ آیا ۔

پینے کے صاف پانی کی عدم دستیابی بھی یہاں کا ایک بڑا مسئلہ ہے ۔گرمیوں میں رہائشی کئی کئی دن پانی سے محروم رہتے ہیں۔علاقے میں منشیات فروشی کی لعنت بھی پائی جاتی ہے جس کا جلد از جلد خاتمہ انتہائی ضروری ہے۔چوری ،ڈکیتیوں اور امن عامہ کی بگڑتی صورتحال سے ہر رہائشی عدم تحفظ کا شکار ہو تا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزقاسم آباد سٹریٹ 8 میں ایک کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں معززین علاقہ کثیر تعداد میں شریک ہوئے۔

ماجد قریشی نے کہا کہ اگر علاقے کے عوام نے موقع دیا تو کنٹونمنٹ حکام کے ساتھ مل کر ان مسائل کوحل کروں گا ا ور اہل افراد پر مشتمل امن اور اصلاحی کمیٹیاں تشکیل دوں گا۔قبرستان،صاف پانی کی فراہمی اورعلاقے سے منشیات فروشوں کا خاتمہ میرا منشور ہے ۔علاقے کی مذہبی طبقات میرا بھرپور ساتھ دے رہے ہیں۔