چینی صد رکا پاک چین قریبی تعلقات کو پروان چڑھانے کے اعتراف میں سینیٹر مشاہد حسین کیلئے دوستی ایوارڈ، پروقار تقریب میں صدر ممنون حسین کی بھی شرکت، صدر چین کا پاکستان کیلئے تشکرانہ جذبات کا اظہار

وزیراعظم کا چین کی سلامتی کو پاکستان کی سلامتی قرار دینا خوش آئند ہے، پاکستان چائنہ انسٹیٹیوٹ کے چیئرمین مشاہد حسین کی صحافیوں سے گفتگو

منگل 21 اپریل 2015 21:09

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21اپریل۔2015ء ) چینی صدر شی چن پنگ نے دورہِ پاکستان کے دوران پاکستان چائنہ انسٹیٹیوٹ کے چیئرمین سینیٹر مشاہد حسین سید کو پاک چین قریبی تعلقات کو پروان چڑھانے کے اعتراف میں دوستی ایوارڈ سے نوازا گیا ، صدرپاکستان ممنون حسین کی موجودگی میں سادہ اور پروقار تقریب کے موقع پر چینی صدر نے سینیٹر مشاہد کی دونوں ممالک کو قریب تر لانے کیلئے کاوشوں کو سراہا، سینیٹر مشاہدحسین پاکستان کی پہلی سیاسی نامور شخصیت ہیں جنہیں یہ ایوارڈ دیا گیا، ایوارڈ حاصل کرنے والوں میں تین شخصیات اورچار ادارے شامل ہیں، انڈونیشئن شہر بان دونگ میں منعقدہ تاریخی چین افریقہ کانفرنس کی 60سالہ سالگرہ کے تناظر میں اعلان کردہ ایوارڈز کا مقصد چین کی دوسرے ممالک کے مابین پرامن پسندانہ پالیسی کے پانچ اصولوں کے حوالے سے نمایاں خدمات سرانجام دینے والوں کوخراجِ تحسین پیش کرنا ہے ، اپریل 1950؁ء میں منعقد کردہ کانفرنس کے نمایاں ممالک میں پاکستان اور چین شامل تھے۔

(جاری ہے)

بعد ازاں، صحافیوں سے گفتگو میں سینیٹر مشاہد حسین نے چینی صدر شی جن پنگ کے دورے کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا کہ دورے کے مثبت دوورس نتائج مرتب ہونگے، چینی صدرکامعاشرے کے تمام مکاتبِ فکر کی جانب سے خیرمقدم کیا گیا، عزت ماب صدر کی پارلیمنٹ میں تقریر کو نہایت انہماک سے سنا گیا، یہاں تک کہ پارلیمنٹ کی پریس گیلری میں تشریف فرما صحافی حضرات بھی احترام سے کھڑے ہوگئے۔

انہوں نے پاک چین اقتصادی راہداری کے تناظر میں امید کا اظہار کیا کہ دورے سے دونوں ممالک کے عوام کی خوشحالی کا نیا باب کھلے گا، سینیٹر مشاہد نے چینی صدر کی جانب سے پاکستان کا شکریہ اداکرنے کا بطورخاص ذکر کیا،واضح رہے کہ چینی صدر نے اپنے خطاب میں چین کی مغربی سرحدوں کو محفوظ بنانے کیلئے اظہارِ تشکر کیا تھا جبکہ وزیراعظم پاکستان نے واشگاف الفاظ میں چین کی حفاظت کو پاکستان کی حفاظت قرار دیا تھا۔