وزیر اعظم جلد نواز شریف کڈنی ہسپتال کا باقاعدہ افتتاح کریں گے ، انجینئر امیر مقام

منگل 21 اپریل 2015 20:56

سوات (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21اپریل۔2015ء ) وزیر اعظم کے مشیر انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف بہت جلد نواز شریف کڈنی ہسپتال کا باقاعدہ افتتاح کریں گے ،ہسپتال میں ہر قسم کی کمی کو ہنگامی بنیاد پر پورا کیا جائے گا کیونکہ وزیر اعظم پاکستان کی ہدایت ہے کہ ہسپتال کو ایک ماڈل ہسپتال ہونا چاہیے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنگوٹہ سوات میں نواز شریف کڈنی ہسپتال میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا جس میں پنجاب بورڈ آف ٹرسٹیز ،پنجاب گورنمنٹ ،پمز یونیورسٹیز کے وائس چانسلر،خیبر پختونخوا کے سیکرٹری صحت ، اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی ، اجلاس میں ہسپتال کے افتتاح سے قبل تمام تر انتظامات کو یقینی بنانے کا جائزہ لیا گیا ، اور موقع پر اہم فیصلے کیئے گئے ، تاکہ کوئی کمی نہ رہے ،اور ایک ماہ کے اندر اندر ہر لحاظ سے مکمل ہو ،اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ او پی ڈی کو بھی ہر صورت یقینی بنایا جائے گا ،انجینئر امیر مقام نے اپنے خطاب میں کہا کہ وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف ہر صورت اس ہسپتال کو ایک جدید اورماڈل ہسپتال بنانا چاہتے ہیں ،انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام اور خصوصا مالاکنڈ ڈویژن کے عوام اس ہسپتال کی تعمیر پر وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف ، وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف ،پنجاب بورڈ آف ٹرسٹیز، اور حکومت پنجاب کے تہہ دل سے مشکور ہیں جن کی کاوشوں کی بدولت مالاکنڈ ڈویژن کے عوام کو ایک جدید اور بین الاقوامی معیار کا ہسپتال ملا ہے۔