پاکستان اور چین کے درمیان باہمی تجارت کو 20ارب ڈالر تک بڑھانے پر اتفاق کا خیر مقدم کرتے ہیں، مزمل حسین صابری

اس سے دونوں ممالک کی تاجر برادری کیلئے کاروبار کو وسعت دینے کے نئے مواقع پیدا ہوں گے،صدر اسلام آباد چیمبر

منگل 21 اپریل 2015 20:40

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21اپریل۔2015ء ) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر مزمل حسین صابری نے کہا کہ چینی صدر شی چن پنگ کے دورہ پاکستان کے موقع پر پاکستان اور چین کے درمیان باہمی تجارت کو 20ارب ڈالر تک بڑھانے پر اتفاق کا خیر مقدم کرتے ہیں کیونکہ اس سے دونوں ممالک کی تاجر برادری کیلئے کاروبار کو وسعت دینے کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ چین کے صدر کا دورہ پاکستان کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ اس سے ہمارے ملک میں اقتصادی ترقی کی کئی نئی راہیں کھلیں گی۔انہوں نے کہا کہ چینی صدر کے دورے کے موقع پر دونوں ممالک میں توانائی اور انفراسٹریچکر کی ترقی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کیلئے باہمی سمجھوتے کی 21 یاداشتوں پر دستخط کئے گئے ہیں جس سے پاکستان کو توانائی بحران پر قابو پانے اورصنعت و تجارت کو بہتر طور پر فروغ دینے میں کافی مدد ملے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستانی معیشت کو توانائی بحران کی بھاری قیمت چکانا پڑی ہے جبکہ چین کے صدر کے دورہ پاکستان کے موقع پر پاک چین اقتصادی راہداری کے تحت پاکستان میں 16ہزار 4سو میگاواٹ بجلی پیدا کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے جو بہت حوصلہ افزا ہے کیونکہ اس سے صنعتی شعبے کو بلا تعطل بجلی فراہم ہو گی اور پیداواری سرگرمیوں میں تیزی آئے گی۔ مزمل صابری نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کے تحت پاکستان میں سڑکوں، موٹرویز اور ریل نیٹورک کو ترقی دینے پر اتفاق کیا گیا ہے جو ہماری معیشت کیلئے ایک تابناک مستقبل کی نوید ہے کیونکہ ان منصوبوں کے مکمل ہونے سے صنعت و تجارت کی بہتر ترقی کیلئے سازگار ماحول پیدا ہو گا اور معیشت تیزی سے بہتری کی طرف بڑھے گی۔

انہوں نے کہا کہ اقتصادی راہداری منصوبہ پاکستان کو خطے میں کاروباری و سرمایہ کاری کا مرکز بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے جو تاجر برادری کیلئے خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ چین کیلئے بھی فائدہ مند ثابت ہو گا کیونکہ اس منصوبے کی تکمیل سے چین کو جنوبی، مرکزی اور مغربی ایشیاء، مشرق وسطیٰ اور افریقہ تک رسائی حاصل کرنے کیلئے سستا اور مختصر راستہ مل جائے گا۔

اس طرح یہ منصوبہ دونوں ممالک کیلئے فائدہ مند ثابت ہو گا۔ آئی سی سی آئی کے صدر نے دونوں ممالک کی قیادت پر زور دیا کہ وہ پاک چین اقتصادی راہداری کے منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے کیونکہ ان منصوبوں کو مکمل کر کے ہی پاکستان اور چین اپنے عوام کیلئے بہتر اقتصادی فوائد حاصل کر سکتے ہیں جبکہ خطے میں امن و خوشحالی کو فروغ مل سکتا ہے۔