علم کی روشنی سے ہی جہالت کے اندھیرے ختم ہو سکتے ہیں‘نادیہ سعید

حکمران یتیم اور غریب بچوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے کے لئے عملی اقدامات کریں ‘ اجلاس سے خطاب

منگل 21 اپریل 2015 20:29

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21اپریل۔2015ء ) خدمت خلق کے مشن پر گامزن فلاحی ادارے میسو گرومنگ سسٹم کی کوآرڈینیٹر نادیہ سعید نے کہا ہے کہ علم کی روشنی سے ہی جہالت اور دہشت گردی کے اندھیرے ختم ہو سکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز میسو گرومنگ سسٹم کے اجلاس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہو ئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ علم دوستی دنیا اور آخرت میں کامیابی شرط ہے لہذا حکمران یتیم اور غریب بچوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے کے لئے عملی اقدامات کریں ۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان دہشت گردی، انتہاپسندی، توانائی بحران، بے روز گاری، جہالت ، غربت اور کرپشن سمیت دیگر مسائل کا شکار ہے ان مسائل سے نجات حا صل کرنے کا واحد حل ملک کی نوجوان نسل کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے میں مضمر ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت کے علاوہ مخیر حضرات بھی یتیم اور بے سہارا بچوں کو تعلیم کی روشنی سے منور کرنے کے حوالے سے اپنا قومی فریضہ ادا کریں ۔

انہوں نے کہا کہ تعلیم اور تحقیق عالمی امانت ہے جن کو رنگ ونسل اور عقیدے کے دائرے میں بند نہیں کیا جاسکتا ، انہوں نے کہا کہ تعلیم کا اولین مقصد کردار سازی ہے ، بچوں کے اخلاق سنوارنا، سچ بولنا، وعدہ کی پاسداری، باہمی عزت واحترام اور حلال رزق کمانے کا احساس دلانا تعلیم ہی کے ذریعے ممکن ہے۔ انہوں نے والدین اور اساتذہ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ طلبا پر دباو ڈالنے اور اپنی رائے مسلط کرنے کی بجائے طلبا کو اپنی پوشیدہ تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لئے مواقع فراہم کریں ۔

متعلقہ عنوان :