چین پاکستان ریلوے کی بحالی و ترقی کے لئے 3.8ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری کرنے کا خواہشمند ہے‘ چینی نائب وزیر ٹرانسپورٹ

پاک چین دوستی مخلص اور سچے تعاون پر مشتمل ہے،ریلوے کی بہتری اور ترقی کیلئے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائیگا‘ لوتونگ فو کا اجلاس سے خطاب

منگل 21 اپریل 2015 20:26

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21اپریل۔2015ء) چین کے نائب وزیر برائے ٹرانسپورٹ لوتونگ فو نے کہا ہے کہ چین پاکستان ریلوے میں 3.8ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری کرنے کا خواہشمند ہے ،پاک چین دوستی مخلص اور سچے تعاون پر مشتمل ہے،پاکستان ریلویز کی بہتری اور ترقی کے لئے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ریلوے ہیڈ کوارٹرز لاہور میں 13رکنی چینی حکام اور پاکستان ریلوے کے افسروں کے ساتھ ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

قبل ازیں پاکستان ریلوے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جاوید انور بوبک نے محکمے کے اعلیٰ افسران کے ہمراہ چینی وفد کا اسلام آباد سے بذریعہ ٹرین لاہور ریلوے اسٹیشن پہنچنے پر استقبال کیا۔ چینی وفد کو پاکستان ریلوے کی لوکو موٹیوز ورکشاپس کا بھی دورہ کرایا گیا جہاں انہوں نے لوکو موٹیوز کی بحالی کے کام کا جائزہ کیا۔

(جاری ہے)

جاوید انور بوبک نے وفد کو انجنوں کی تیاری اور بحالی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی ۔

اس موقع پر چین کے نائب وزیر برائے ٹرانسپورٹ لوتونگ فو نے پاکستان ریلوے کے لوکو موٹیوز کی تیاری اور انکی بحالی کے لئے اپنے بھرپور تعاون کایقین دلایا۔ریلوے ہیڈ کوارٹر میں اجلاس کے دوران چین کے نائب وزیر برائے ٹرانسپورٹ نے کہا کہ چین پاکستان ریلویز کی بحالی و ترقی، اپ گریڈیشن اور تزئین و آرائش میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے گا ۔چین ریلوے کے تمام شعبہ جات بشمول لوکوموٹیوز،‘سگنلنگ ،کمیونیکیشن اور ٹریکس کی تعمیر و مرمت میں پاکستان کی مدد کرنا چاہتاہے ۔

انہوں نے کہا کہ پاک چین دوستی مخلص اور سچے تعاون پر مشتمل ہے،اسی تناظر میں پاکستان ریلوے کی بہتری اور ترقی کیلئے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔ اس موقع پر چینی کمپنی اریان انجینئرنگ گروپ کے نمائندوں نے پاکستان ریلویز کی مطالعاتی رپورٹ کی فزیبلٹی پر بریفنگ دی ۔ اس موقع پر کراچی تاحویلیاں‘ (ایم ایل ون )ٹریک کی اپ گریڈیشن کی سفارشات پیش کی گئی ۔ اس موقع پر پاکستان ریلوے کے سی سی او جاوید انور بوبک نے چین کے تعاون کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ چین اور پاکستان کئی برسوں سے مل کر مختلف شعبوں میں کام کر رہے ہیں،ریلوے کی بہتری کیلئے چین کا تعاون پاک چین دوستی کا منہ بولتا ثبوت ہے جسے کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔

متعلقہ عنوان :