چین اور پاکستان سدا بہار دوست اور اسٹریٹیجک پارٹنر ہیں،خاتون اول بیگم محمودہ ممنون حسین

خواتین کی تعلیم اور بہبود سے متعلق سرگرمیوں میں پاکستان چین سے بہت کچھ سیکھ سکتا ہے،چین کی خاتون اول سے گفتگو

منگل 21 اپریل 2015 20:24

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21اپریل۔2015ء) خاتون اول بیگم محمودہ ممنون حسین نے کہا ہے کہ چین اور پاکستان سدا بہار دوست اور اسٹریٹیجک پارٹنر ہیں، خواتین کی تعلیم اور بہبود سے متعلق سرگرمیوں میں پاکستان چین سے بہت کچھ سیکھ سکتا ہے۔یہ بات خاتون اول بیگم محمودہ ممنون حسین نے چین کی خاتون اول پینگ لیوآن سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنھوں نے ان سے ایوان صدر اسلام آباد میں ملاقات کی۔

بیگم محمودہ ممنون حسین نے چینی خاتون اول پینگ لیوآن کا پرجوش خیر مقدم کیا اور امید ظاہر کی کہ انکا دورہ پاکستان بہت خوشگوار رہا ہوگا اور انھیں اس دوران پاکستان کی ثقافت سے روشناس ہونے کا موقع ملا ہوگا۔ بیگم محمودہ ممنون حسین نے کہا کہ چینی صدر اور خاتون اول کا یہ دورہ پاکستان، دونوں برادر ملکوں کے درمیان دوستی کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

(جاری ہے)

بیگم محمودہ ممنون حسین نے کہا کہ چین کی حیران کن معاشی ترقی میں خواتین نے بہت اہم کردار ادا کیا ہے۔ چین کی کمیونسٹ پارٹی نے خواتین کو جو آزادی دی اس سے اب وہ ملک کی ترقی کے لیے ہر شعبے میں اپنا کردار ادا کر رہی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان نے بھی خواتین کو ملکی ترقی میں شریک کرنے کے لیے بہت سے اہم اقدامات کیے ہیں۔ پاکستانی خواتین فوج میں بھی خدمات انجام دے رہی ہیں۔

پارلیمنٹ اور سول سروس میں خواتین کے لیے نشستیں مختص کی گئی ہیں۔ بیگم محمودہ ممنون حسین نے کہا کہ پاک چین دوستی کے سال کو دونوں ملکوں کی خواتین کے درمیان روابط بڑھانے کے لیے استعمال کرنا چاہیے۔ انھوں نے دونوں ملکوں کی خواتین صنعت کاروں کے درمیان رابطوں میں اضافہ کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ اس طرح کے تبادلے ایک دوسرے سے سیکھنے اور سمجھنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

انھوں نے اس امر پر مسرت کا اظہار کیا کہ پاکستانی خواتین خصوصاً ٹیکسٹائل کے شعبے میں اپنا کاروبار کامیابی سے چلا رہی ہیں ۔بیگم محمودہ ممنون حسین نے چینی خاتون اول کے فلاح و بہبود کے کاموں کو سراہا اور کہا کہ ایڈز اور ٹی بی کی روک تھام کے لیے عالمی ادارہ صحت کی خیر سگالی سفیر کے طور پر انکا کام قابل ستائش ہے۔