کراچی، واٹر بورڈ فوری طور پر ضلع غربی میں پانی کے بحران کو حل کرے، عبد الرزاق

منگل 21 اپریل 2015 20:18

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21اپریل۔2015ء) امیر جماعت اسلامی ضلع غربی عبد الرزاق خان نے کہا ہے کہ ڈسٹرکٹ ویسٹ میں احتجاج ریکارڈ کرنے کے باوجود پانی کا بحران حل نہ ہو سکا کئی علاقے پانی سے محروم ہیں واٹربورڈ انتظامیہ اور دیگر ذمہ داران اس جانب توجہ دیں صوبائی وزیر بلدیات شرجیل انعام میمن کے تمام تر دعووں کے باوجود شہری پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں ٹینکر مافیا کی من مانیاں حد سے تجاوز کر گئی ہیں، غریب عوام میں پانی خرید نے کی سکت باقی نہ رہی ۔

ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے سائٹ میٹروول ، پٹھان کالونی ، فرنٹیئر کالونی کے نمائندہ وفد سے دفتر جماعت اسلامی میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ وفد نے انہیں بتایا کہ فرنٹئیر کالونی نورانی محلہ ، پٹھان کالونی حقانی محلہ ، میٹروول سیکٹر 5 میں 15 سے 20 دن کے بعد صرف دو گھنٹے کے لئے پانی فراہم کیا جاتا ہے ۔

(جاری ہے)

جبکہ پریشر اتنا کم ہوتا ہے کہ کئی علاقوں تک پانی کی رسائی نہیں ہوتی جس کے باعث لوگ ضروریات زندگی کو رواں رکھنے کے لئے پانی خریدنے پر مجبور ہوتے ہیں، وفد نے کہا کہ پانی کی عدم فراہمی کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔

عبد الرزاق خان نے وفد کو یقین دلایا کہ جماعت اسلامی پبلک ایڈ کمیٹی آپ کی شکایات کو متعلقہ اداروں تک پہنچانے میں اپنا کردار ادا کرے گی انہوں نے کہا کہ مذکورہ علاقوں میں رہائش پذیر افراد مزدور پیشہ اور محنت کش اور غریب ہیں ان کی تنخواہیں اس بات کی اجازت نہیں دیتیں کہ وہ مہنگے داموں پانی خرید سکیں ۔ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کو بنیادی ضروریات فراہم کریں ۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی وزیر بلدیات شرجیل انعام میمن کی جانب سے کئے جانے والے تمام تر دعووں کے باوجو د شہر بھر میں پانی کا بحران ہے اور شہری پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں جبکہ واٹر بورڈ انتظامیہ بھی اس حوالے سے کوئی کردار ادا کرنے کو تیار نہیں اگر حکومت اور واٹر بورڈ کا یہ رویہ بر قرار رہا تو عوام اپنے حقوق کیلئے سڑکو ں کا رخ کریں گے اور واٹر بورڈ کا گھیراؤ کریں گے ۔

متعلقہ عنوان :