کراچی، 8 گھنٹے کی پولنگ کیلئے 72 گھنٹے تک ڈبل سواری پر پابندی حکومت اور انتظامیہ کی ناکامی ہے، عثمان معظم

منگل 21 اپریل 2015 20:14

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21اپریل۔2015ء) حلقہ NA-246سے پاسبان پاکستان کے نامزد امیدوار قومی اسمبلی عثمان معظم صدیقی نے کہا ہے کہ وی وی آئی پی پروٹوکول ختم کرکے پولیس نفری کو عوام کی حفاظت اور دہشت گردوں کی سرکوبی کے لئے استعمال کیا جائے اور ضلعی وسطی میں ڈبل سواری پر عائد پابندی ختم کی جائے ۔ کراچی صوبہ بنے گا تو وی آئی پی کلچر کا خاتمہ اور ہر شہری کو امن و سکون اور مافیاؤں سے تحفظ فراہم کریں گے ۔

وہ پاسبان کراچی کے زیر اہتمام کریم آباد پر واقع پاسبان پاکستان کے الیکشن کیمپ کے باہر احتجاجی مظاہرے سے خطاب کررہے تھے ۔ اس موقع پر پاسبان کراچی کے صدر شیخ محمد شکیل و دیگر رہنما بھی موجود تھے ۔مظاہرین کے ہاتھوں میں بینر موجود تھا جس پر ڈبل سواری پر پابندی نامنظور تحریر تھا ۔

(جاری ہے)

عثمان معظم نے کہا کہ8 گھنٹے کی پولنگ کیلئے 72 گھنٹے تک ڈبل سواری پر پابندی حکومت اور انتظامیہ کی ناکامی ہے۔

حلقہ NA-246میں انتخابات ہورہے ہیں او ر انتظامیہ نے چند وی وی آئی پیز کے تحفظ کے لئے ہزاروں پولیس والوں کی نفری وی آئی پی پروٹوکول پر لگا دی ہے جبکہ عام آدمی کو تحفظ دینے کے بجائے ضلعی وسطی میں ناانصافی پر مبنی ڈبل سواری پر پابندی لگانے کا اعلان کردیا گیا ہے۔ انتخابات ایک حلقہ میں ہوں اور پابندی کراچی کے لاکھوں عوام بھگتے یہ کہاں کا انصاف ہے ۔

امن عامہ کا مفاد کہہ کر ڈبل سواری پر پابندی سے ہزاروں متوسط طبقہ کی عوام اور موٹر سائیکل سوار بری طرح پریشان ہوں گے ۔ یہ پابندی نہیں بلکہ اہل کراچی کا استحصال ہے اور پاسبان اہل کراچی کے حقوق کے دفاع کے لئے اٹھ کھڑی ہوئی ہے ۔ عثمان معظم نے کہا کہ پاسبان کا مطالبہ ہے کہ عوام کراچی صوبہ کو ووٹ دیں اور کراچی کو صوبے کا درجہ دیا جائے ۔

پاسبان کا یہ مطالبہ حلقہ NA-246سے باہر نکل کر کراچی کے ہر گھر، ہر گلی ، ہر محلے کا مطالبہ بن گیا ہے اور اسے زبردست پذیرائی مل رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کراچی صوبہ بنے گا تو عوام کو حقوق ملیں گے ، مسائل کا خاتمہ ہوگا اور وی آئی پی کلچر اپنی موت آپ مرجائے گا ۔ ہم پولیس کی نفری کو گلیوں محلوں میں تعینات کریں گے ۔ عثمان معظم نے کہا حکمران ، افسران ، بیورو کریسی اورعوام کی تقدیر کے مالک بننے والے سیاستدان تھوڑی دیر کے لئے ایئر کنڈیشنڈ گاڑیوں ، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حصار سے نکل کر کبھی موٹر سائیکل پر سفر کریں تو انہوں نے احساس ہو کہ غریب آدمی کو ڈبل سواری پر پابندی کے نتیجے میں کتنی مشکلات اورتکالیف کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔

عثمان معظم نے کہا کہ ڈبل سواری پر پابندی کا سب سے زیادہ فائدہ ٹرانسپورٹ مافیا کو پہنچتا ہے اور وہ نوٹوں کے بریف کیس تقسیم کرکے اس پابندی کو لگواتے اور ناجائز طور پر طول دیتے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :