اوورسیز پاکستانیوں کی زمینوں پر قبضوں ‘ جائیداد کی خرید و فروخت سے متعلق شکایات کے قانونی حل میں تاخیر نہ کی جائے ‘کمیشنر اوورسیز پنجاب

منگل 21 اپریل 2015 20:12

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21اپریل۔2015ء ) اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لئے پنجاب کی تمام ڈسٹرکٹ اوورسیز کمیٹیوں میں ڈسٹرکٹ اٹارنی اور وکلاء کو شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔یہ بات کمیشنر اوورسیز پنجاب افضال بھٹی نے فیصل آباد ڈویژن کی ضلعی اوورسیز کمیٹیوں کے اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

اس موقع پر ڈویژنل کمشنر کیپٹن( ر ) نسیم نواز ‘ آر پی او احسان طفیل ‘ ارکان صوبائی اسمبلی و چیئرپرسنز آزاد علی تبسم ‘خرم عباس سیال‘خالد غنی ‘ ڈائریکٹر جنرل خواجہ داؤد،ڈائریکٹر پولیس کیپٹن مبین ‘ ‘ ڈی سی اوز نور الامین مینگل ( فیصل آباد ) ‘ نادر چٹھہ ( جھنگ )‘ وقاص عالم ( ٹوبہ ٹیک سنگھ ) ‘ شوکت علی خان کچھی ( چنیوٹ)‘ ڈی او ( سی ) فیصل آباد صباء عادل اور مختلف محکموں کے افسران موجود تھے ۔

(جاری ہے)

کمشنر اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے اوورسیز پاکستانیوں اور ان کے خاندان کے دیگر افراد کو مختلف محکموں سے متعلقہ شکایات کے فی الفور حل کے لئے اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب کی صورت میں پلیٹ فارم قائم کیا ہے جواوورسیز کی بذریعہ ویب سائٹ موصولہ شکایات کو متعلقہ اضلاع کی قائم کمیٹی تک پہنچا رہی ہے ۔

انہوں نے ضلعی کمیٹیز پر زور دیا کہ موصول ہونے والی شکایات کے حل کے لئے متعلقہ محکموں کو متحرک کریں اور پراگرس رپورٹ سے صوبائی کمشن کو آگاہ کرنے کے علاوہ سسٹم کی مزید بہتری کے لئے تجاویز بھی پیش کریں ۔انہوں نے ڈی سی اوز سے کہا کہ وہ اپنے دفاتر میں اوورسیز پاکستانیوں اور ان کے اہلخانہ کی سہولت کے لئے سیل قائم کریں جبکہ ضلعی کمیٹی کا اجلاس پندرہ روز کے بعد منعقد کیا جائے اور زمینوں پر قبضوں ‘ جائیداد کی خرید و فروخت سے متعلق شکایات کے قانونی حل میں تاخیر نہ کی جائے ۔

کمشنر اوورسیز نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف اوورسیز پاکستانیوں کی شکایات کے حل میں سنجیدہ ہیں لہذا ٹیم ورک کے تحت کام کرتے ہوئے مختصر وقت میں اوورسیز کے مسائل دور ہونے چاہئیں ۔ڈویژنل کمشنر نے کہا کہ ڈویژن بھر میں اوورسیز پاکستانیوں کی شکایات کے بلاتاخیر حل کے لئے حکومتی ویژن کے مطابق عملدرآمد کرایا جائے گا ۔

متعلقہ عنوان :