میڈیکل آفیسرز/ویمن میڈیکل آفیسرز کی ایڈہاک بھرتی کے لئے کمیٹی میں ریٹائرڈ ہیلتھ پروفیشنلز کو شامل کرنے کا فیصلہ

وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پر ڈسٹرکٹ ریکووٹمنٹ کمیٹی میں نامزد ہیلتھ پروفیشنلز کو شامل کیا جائے گا ‘خواجہ سلمان رفیق

منگل 21 اپریل 2015 20:07

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21اپریل۔2015ء ) مشیر وزیراعلی پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ ضلع کی سطح پر میڈیکل آفیسرزاور ویمن میڈیکل آفیسرز کی ریکروٹمنٹ کے لئے تشکیل کردہ ڈسٹرکٹ سلیکشن کمیٹیوں میں وزیراعلی محمد شہباز شریف کی ہدایت کے مطابق کابینہ کمیٹی کی جانب سے نامز کردہ ایک ریٹائرڈ ہیلتھ پروفیشنل کو شامل کیا جائے گا۔

مذکورہ ہیلتھ پروفیشنلز کی نامزدگی کے لئے اچھی شہرت کے حامل دیانتدار افراد کو ترجیح دی جائے گی۔ انہوں نے یہ بات سول سیکرٹریٹ میں کابینہ کمیٹی برائے صحت کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں سیکرٹری صحت جواد رفیق ملک،ایڈیشنل سیکرٹری (اسٹیبلشمنٹ) اعجازالحق،ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر زاہد پرویز کے علاوہ مختلف اضلاع کے ای ڈی او ہیلتھ، کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر اور دیگر میڈیکل کالجز کے پرنسپلز کی جانب سے نامز د کردہ ریٹائرڈ ہیلتھ پروفیشنلز،کنسلٹنٹس اور ہیلتھ منیجرز نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹز اور تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتالوں میں ایم او اور ڈبلیو ایم او زکی بھرتی کے لئے سلیکشن کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں۔ اس کمیٹی کا چیئرمین متعلقہ ضلع کا ڈی سی او ہو گا جبکہ اس کے ممبران میں ای ڈی او ہیلتھ،میڈیکل سپرنٹنڈنٹ اور کابینہ کمیٹی کی جانب سے نامزد کردہ ایک ریٹائرڈ ہیلتھ پروفیشنل شامل کیا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ کنسلٹنٹ کی سلیکشن کے لئے کمیٹی میں میڈیکل کالج کا متعلقہ سپیشلٹی کا پروفیسر، ایسوسی ایٹ پروفیسر یا اسسٹنٹ پروفیسر بھی شامل کیا جائے گا۔علاوہ ازیں متعلقہ ضلع کا ڈی سی او کمیٹی میں اپنی جانب سے ایک خاتون آفیسر کو نامزد کرے گا۔ خواجہ سلمان رفیق نے بتایا کہ میڈیکل کالجوں کے ساتھ منسلک کرد ہ ڈی ایچ کیو ہسپتالوں میں سپیشل سلیکشن کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں جس کا چیئرمین متعلقہ میڈیکل کالج کا پرنسپل ہو گا جبکہ ایم ایس ،سپیشلٹی کا پروفیسر/ ہیڈ آف دی ڈیپارٹمنٹ،ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز، ڈی سی او اور کابینہ کمیٹی کی جانب سے نامزدکردہ ریٹائرڈ ہیلتھ پروفیشنل کمیٹی کے ممبر ہوں گے۔

اجلاس میں تمام اضلاع کے ای ڈی اوز ہیلتھ اور میڈیکل کالجوں کے پرنسپلز کی جانب سے نامزدکردہ ریٹائرڈ پروفیشنلزنے شرکت کی۔ اجلاس میں خواجہ سلمان رفیق اور سیکرٹری ہیلتھ نے ریٹائرڈ پروفیشنلز کے خیالات اور ان کی تجاویز سے استفادہ کرتے ہوئے متعلقہ کمیٹیوں میں ریٹائرڈ ہیلتھ پروفیشنلز کی نامزدگیوں کی منظوری دی۔

متعلقہ عنوان :