صدر مملکت نے شی چن پنگ کو پاکستان کے اعلیٰ ترین سول ایوارڈ نشان پاکستان سے نوازا

دونوں صدور کی ہال آمد کا اعلان بگل بجا کر کیا گیا،دونوں ملکوں کے قومی ترانے بھی بجائے گئے، تقریب میں وزیراعظم ،چینی خاتون اول، صدر مملکت اہلیہ اور وزیراعظم کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز ودیگر کی خصوصی شرکت،صدر مملکت کا چینی ہم منصب کے اعزاز میں ظہرانہ

منگل 21 اپریل 2015 19:19

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21اپریل۔2015ء ) صدر مملکت ممنون حسین نے چینی صدر شی چن پنگ کو پاکستان کے اعلیٰ ترین سول ایوارڈ نشان پاکستان سے نوازا ۔چینی صدر کو نشان پاکستان عطا کرنے کی پروقار تقریب ایوان صدر اسلام آباد میں ہوئی۔ تقریب ہال میں دونوں صدور جب داخل ہوئے تو ان کی آمد کا اعلان بگل بجا کر کیا گیا۔اس موقع پر دونوں ملکوں کے قومی ترانے بھی بجائے گئے۔

جس کے بعد صدر مملکت ممنون حسین نے چینی صدر شی جن پنگ کو پاکستان کا سب سے بڑا سول ایوارڈ نشان پاکستان عطا کیا۔ تقریب میں وزیراعظم محمد نواز شریف نے بھی شرکت کی۔ چینی خاتون اول پینگ لیوآن کے ساتھ ساتھ صدر مملکت کی اہلیہ بیگم محمودہ ممنون حسین اور وزیراعظم محمد نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز بھی موجود تھیں۔

(جاری ہے)

تقریب میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ، آزاد کشمیر کے صدر سردار محمد یعقوب خان، وفاقی وزراء ، چئیرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور تینوں مسلح افواج کے سربراہان بھی شریک تھے۔

چینی صدر کو یہ ایوارڈ پاکستان اور چین کے درمیان لازوال دوستی کو مزید فروغ دینے پر انکی خدمات کے اعتراف میں دیا گیا۔ مہمانوں نے چینی صدر کو مبارکبا بھی دی۔ جس کے بعد صدر مملکت نے اپنے چینی ہم منصب کے اعزاز میں ظہرانہ دیا۔ تقریب کے اختتام پر پاک فوج کے بینڈ نے دونوں ملکوں کے قومی ترانوں پر مشتمل دلفریب دْھن پیش کی۔ دونوں صدور کچھ دیر تک بینڈ کے پاس کھڑے رہے اور دھنوں سے لطف اندوز ہوتے رہے۔