مسلم لیگ(ن) کے بلدیاتی نمائندے کراچی سمیت سندھ کے سرکاری ہسپتالوں کو عام شہریوں کے لئے سہولتیں فراہم کرنے کا پابند بنائیں گے،مسلم لیگ(ن) کے صوبائی نائب صدر علی اکبر گجر

منگل 21 اپریل 2015 19:14

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21اپریل۔2015ء) پاکستان کے چاروں صوبوں میں پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت ناگزیر ہوچکی ہے۔سندھ کے شہری صوبائی اداروں کی معاندانہ روئیوں کی وجہ سے پاکستان مسلم لیگ(ن) کی مرکزی حکومت کی طرف دیکھ رہے ہیں۔پاکستان مسلم لیگ(ن) کے بلدیاتی نمائندے کراچی سمیت سندھ کے سرکاری ہسپتالوں کو عام شہریوں کے لئے سہولتیں فراہم کرنے کا پابند بنائیں گے۔

حکمران جماعت پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صوبائی نائب صدر علی اکبر گجر نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) سندھ کے بلدیاتی انتخابات میں کامیابی کے بعد سندھ کے ہسپتالوں کا قبلہ درست کرے گی۔ سندھ کے سرکاری ہسپتالوں کو مثالی خدمات اور سندھ کے عوام کے لئے سہولتوں سے مزین کیا جائے گا۔سرکاری ہسپتالوں کی دوائیں ضرورت مند شہریوں کی بجائے با اثر اور سفارشی افراد کے لئے مختص ہو چکی ہیں۔

(جاری ہے)

کراچی کا عام شہری علاج اور دوا کے لئے مایوس ہو چکا ہے۔پاکستان مسلم لیگ(ن) سندھ ہی سرکاری ہسپتالوں کو عوام دوست بنانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ کراچی کے بڑے سرکاری ہسپتال عام شہریوں کے ساتھ امتیازی سلوک کر کے صوبے میں نفرت کے بیج بو رہے ہیں سندھ کے سرکاری ہسپتال عوام کے مسائل میں اضافے کا سبب بن چکے ہیں۔ عام شہریوں کے لئے سرکاری ہسپتالوں میں علاج معالجے کی سہولتیں ناپید ہیں جبکہ با اثر افرد اور صوبائی حکومت کے سفارشیوں کے لئے خصوصی انتظامات کئے جاتے ہیں۔

پاکستان مسلم لیگ(ن) سندھ کے نائب صدر علی اکبر گجر نے سرکاری ہسپتالوں میں عام شہریوں کے ساتھ ہونے والی مبینہ زیادتیوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں ہسپتال ہی نہیں تمام سرکاری ادارے عوام کی بجائے مخصوص شخصیات اور گروپس کی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ سرکاری ہسپتالوں میں غریب اور جائز حقدار شہریوں کو علاج معالجے کی سہولتیں میسر نہیں۔

سرکاری ہسپتالوں میں مہنگی ادویات اور علاج کی سہولتوں کے لئے عام شہریوں سے بھاری رقوم طلب کی جاتی ہیں جو انتہائی قابل افسوس ہے۔ علی اکبر گجر نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی صوبائی قیادت متعلقہ صوبائی حکام سے رابطہ کر کے اس بات کی طرف توجہ دلائے گی کہ سندھ کے سرکاری ہسپتالوں میں ہر شہری کو بلا تفریق سہولتیں کیوں فراہم نہیں کی جا رہی ہیں؟ سندھ کے وزیر صحت سے بھی عام شہریوں کی جانب سے موصولہ شکایات کی بابت بات کی جائے گی جس میں شہریوں نے شکایات کی ہیں کہ کراچی کے سرکاری ہسپتالوں میں ضرورت مند مریضوں سے آپریش و علاج معالجے کے لئے بھاری رقوم طلب کی جا تی ہیں۔

ہسپتالوں میں بیڈز کی خرید وفروخت ہوتی ہے جس کی وجہ سے غریب اور ضرورت مند شہری علاج معالجے سے محروم رہنے پر مجبور ہیں کراچی کے سرکاری ہسپتالوں میں۔ اندرون سندھ سے آئے ہوئے مریضوں کے ساتھ انتہائی نامناسب سلوک کیا جا رہا ہے اور سندھ کے عوام اپنے مریضوں کے ساتھ بڑے سرکاری ہسپتالوں کے فٹ پاتھوں اور متعلقہ گلیوں میں ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں۔پاکستان مسلم لیگ(ن) بلدیاتی انتخابات میں صوبے کی ترقی خوشحالی اور امن کے نئے ایجنڈے کے ساتھ عام میں جائے گی اور بھرپور عوامی مینڈیٹ کے ساتھ سندھ کی محرومیوں کا خاتمہ یقینی بنانے کئے لئے نئے سفر کا آغاز کرے گی۔