دوران حراست طارق محبوب کے ساتھ بہیمانہ سلوک کیا گیا،نظام مصطفی پارٹی کے رہنما قاضی شبیراحمد

منگل 21 اپریل 2015 19:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21اپریل۔2015ء)نظام مصطفی پارٹی کے رہنما ،قاضی شبیراحمد،صاحبزادہ سعید امینی ایڈووکیٹ،پیرزادہ غلام حسین چشتی، سیدحنیف بخاری و دیگر نے انجمن نوجوانان اسلام کے سربراہ طارق محبوب کے رینجرزکی حراست میں انتقال پرگہرے دکھ اور تشویش کا اظہارکرتے ہوئے کہاکہ جن لوگوں نے ان کی میت کو دیکھا، ان کے مطابق مرحوم کے جسم پر تشددکے نشانات موجودتھے اور خون بھی بہہ رہا تھا،جس سے اس تاثر کو تقویت ملتی ہے کہ دوران حراست طارق محبوب کے ساتھ بہیمانہ سلوک کیا گیا۔

(جاری ہے)

رہنماؤں نے کہاکہ عزیزوں کے مطابق دوران حراست طارق محبوب کی شوگرکافی بڑھی ہوئی تھی، اُنہیں اس وقت انسولین کی اشد ضرورت تھی ، لیکن انہیں طبی امداد فراہم نہیں کی گئی۔ ایسی صورتحال میں انہیں فوری اسپتال منتقل کیا جانا ضروری تھا، لیکن طارق محبوب کو اس اذیت ناک موت کا شکار ہونا پڑا۔ رہنماؤں نے کہا کہ عوام جاننا چاہتے ہیں کہ سنی رہنما کے ساتھ ایسا رویہ کیوں اختیار کیا گیا؟رہنماؤں نے حکومت سے مطالبہ کیاکہ طارق محبوب کی اس پراسرارموت کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کرا کراصل محرکات سامنے لائے جائیں۔