چینی صدر کا دورہ پاکستان اہم سنگ میل ثابت ہوگا، سابق وفاقی وزیر حاجی محمد حنیف طیب

منگل 21 اپریل 2015 19:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21اپریل۔2015ء) نظام مصطفی پارٹی کے سربراہ، سابق وفاقی وزیر حاجی محمد حنیف طیب نے برادرملک چین کے صدر شی جن پنگ کے دورۂ پاکستان کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے خوش آئند قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ،برادر ملک کے صدر کا دورہ پاک چین روابط میں سنگ میل ثابت ہوگا۔9 برس بعد دوست ملک کے صدرپاکستان تشریف لا ئے ہیں، ان کے دورے میں اربوں ڈالر کے معاہدے ہو ئے ہیں۔

جس سے ملک میں ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی۔انہوں نے کہا کہ،اس دورے میں چینی صدر کی جانب سے پاکستان اور عوام کی ترقی کیلئے تاریخی اعلانات ہوئے ہیں، جس سے ملک میں مہنگائی کا طوفان تھمنے اور بے روزگاری پر قابو پانے میں کافی حد تک مدد ملے گی اور کچھ عرصے بعد لوڈ شیڈنگ پر قابو پالیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پاکستان اور چین کی دوستی لازوال ہے، ہم اس کو قدرکی نگاہ سے دیکھتے ہیں ،چین کے صدر کے دورے سے دونوں ممالک کے عوام اور حکومت کی دوستی کے رشتوں میں مزید مضبوطی آئیگی۔

واضح رہے کہ، چینی صدر کا دوورہ ملتوی کئے جانے کے بعد حاجی محمد حنیف طیب تمام سیاسی اور مذہبی جماعتوں کے وفد کی قیادت کرتے ہوئے چینی قونصل خانے میں وائس قونصل جنرل سے ملاقات کر کے چینی صدر کے جلد دورۂ پاکستان کی اپیل کی تھی، جبکہ وائس قونصل جنرل گاؤیان ہوا نے حاجی محمد حنیف طیب کو یقین دہانی کرائی تھی کہ چینی صدرجلد ہی پاکستان کے دورے پر تشریف لائیں گے۔

متعلقہ عنوان :