کراچی آپریشن کے بعد اندرون سندھ میں غیر قانونی اسلحہ، منشیات اور افغانیوں کے خلاف آپریشن کی تیاریاں

منگل 21 اپریل 2015 19:09

ٹنڈو باگو (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21اپریل۔2015ء) اندرون سندھ میں غیر قانونی اسلحہ، منشیات اور افغانیوں کے خلاف آپریشن کی تیاریاں۔ ذرائع کے مطابق کراچی آپریشن کے بعد، دہشت گر د اندرون سندھ فرار ہو گئے ہیں، اس وقت کراچی میں ٹارگٹ کلنگ بند ہونے اور امن و امان بحال ہونے کے بعد اب رینجرز اس بات پر دلچسپ ہے کہ کراچی کے آپریشن کے بعد اندرون سندھ میں بھی سخت آپریشن کیا جائے اور ایجنسیوں کے تعاون سے ان دہشت گردوں کا بھی علم حاصل کیا جائے گا کہ کراچی سے جو دہشت گرد فرار ہو گئے ہیں وہ اندرون سندھ کہاں کہاں رہ رہے ہیں۔

با خبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ اندرون سندھ جو آپریشن کیا جائے گا وہ دوہرے قسم کا ہو گا، اندرون سندھ، دہشت گردوں، اغواء برائے تاوان کے علاوہ غیر قانونی اسلحہ رکھنے ،منشیات فروش اور افغانیوں کے خلاف آپریشن ہو سکتا ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق پہلے مرحلے میں آر جی سندھ کو کہا گیا ہے کہ وہ اندرون سندھ ہر ضلع میں امن و امان قائم کرنے کیلئے اپنے وسائل استعمال کریں اور خاص کر کے غیر قانونی اسلحہ، منشیات اور افغانیوں کے خلاف ایکشن لے کر سندھ میں امن و امان بحال کیا جائے۔

ذرائع کے مطابق آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی نے سندھ کے تمام ایس ایس پیز کو سختی سے کہا کہ وہ اپنے اپنے علاقوں کو پاک اور صاف کریں، اگر کسی بھی ضلع میں غیر قانونی واقع ہوا تو وہاں کا ایس ایس پی ذمہ دار ہو گا۔ ذرائع کے مطابق ڈسٹرکٹ کے ایس پیز نے حدود کے تھانوں کے ایس ایچ اوز کو تنبیہ کی ہے کہ اپنے علاقوں میں امن قائم نہ ہوا تو ان ایس ایچ اوزکے خلاف ایکشن لیا جائے گا جہاں امن و امان نہیں ہوہو ۔ ذرائع کے مطابق اس عمل کے باوجود بھی اگر امن قائم نہیں ہوا ، رینجرز اندرون سندھ مشکوک آدمیوں، افغانیوں، اغواء برائے تاوان، ڈاکو، غیر قانونی اسلحہ رکھنے والوں، منشیات فروشوں و دیگر کے خلاف سخت آپریشن کرے گی۔