وفاق کی امتیازی پالیسیوں اور صوبائی حکومت کی نااہلی کی بدولت صوبہ اور پختون سخت مایوسی کاشکار ہیں،سکندرحیات شیرپاؤ

منگل 21 اپریل 2015 19:09

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21اپریل۔2015ء ) قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندرحیات خان شیرپاؤ نے کہا ہے کہ وفاق کی امتیازی پالیسیوں اور صوبائی حکومت کی نااہلی کی بدولت صوبہ اور پختون سخت مایوسی کاشکار ہیں اور اگر اس کے ازالے کیلئے فوری اقدامات نہ اٹھائے گئے تو اس کے منفی اثرات مرتب ہوں گے۔انھوں نے کہا کہ صوبہ کے مسائل کی ذمہ داری وفاقی حکومت کے ساتھ ساتھ صوبائی حکومت پر بھی برابر عائد ہوتی ہے کیونکہ پی ٹی آئی کی سربراہی میں قائم صوبائی حکومت نے صوبے کے مسائل و مشکلات کا کیس اورمقدمہ صحیح انداز میں پیش نہیں کیا اور یہی وجہ ہے کہ ہمارے صوبے کوہر سطح پر نظر انداز کیا جا رہا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے منگل کے روزہندکودامان PK-09پشاور میں شمولیتی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر عوامی نیشنل پارٹی پی کے 9کے رہنماؤں ملک کچکول خان،ملک ظفر خان اور ملک خان محمد خان نے اپنے سینکڑوں ساتھیوں اور خاندانوں سمیت قومی وطن پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔سکندر شیرپاؤ نے کہا کہ چھوٹے صوبے باالعموم اور پختون باالخصوص محرومیوں کا شکار ہیں اور دن بدن ان کی مایوسی میں اضافہ ہو رہا ہے جس کے ازالے کے لئے مرکز کو صحیح معنوں میں وفاق کا کردار ادا کرنا ہوگا۔

انھوں نے کہا کہ پختونوں کو داخلہ ا ور خارجہ پالیسیوں کے حوالے سے اعتماد میں لینا چاہئے اور وفاق کی اکائیوں کے مابین وسائل کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنانا ہوگابصورت دیگر اس کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔ انھوں نے کہا کہ ہمارے صوبے اور پختونوں کے ساتھ نہ صرف ترقیاتی منصوبوں بلکہ بجلی لوڈشیڈنگ میں بھی امتیازی سلوک برتا جا رہا ہے جبکہ ہمارا صوبہ ضرورت سے زیادہ اور سستی بجلی پیدا کر رہا ہے۔

انھوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا اور یہاں پر بسنے والے پختونوں کو گزشتہ کئی دہائیوں سے نامساعد حالات کا سامنا ہے او رمرکزی و صوبائی حکومتوں کی امتیازی پالیسی کی بدولت ان کی محرومیوں اور پسماندگی میں حد درجے اضافہ ہوا ہے۔انھوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں خیبر پختونخوا کے لوگوں نے بیش بہا اور انمٹ قربانیاں دی ہیں لہٰذا انھیں ترقیاتی فنڈزاور دیگر منصوبوں میں بھرپور حصہ دیا جائے تاکہ دہشت گردی کا شکار صوبہ ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہو سکے۔

انھوں نے چین کے صدر کے حالیہ دورہ کے دوران مختلف منصوبوں کے اعلانات کے حوالے سوال کیا کہ وفاقی حکومت ان منصوبوں کی تقسیم کس بنیاد پر کرے گی اور ان میں چھوٹے صوبوں کا کیا حصہ ہوگا۔انھوں نے کاشغر گوادر ٹریڈ روٹ کے حوالے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے عوام کیلئے امید کی کرن ہے لہٰذا اس میں کسی قسم کی تبدیلی برداشت نہیں کی جائے گی۔

انھوں نے بلدیاتی انتخابات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ دھاندلی کے خلاف شور مچانی والی پی ٹی آئی نے انتخابات قریب آتے ہی ترقیاتی کاموں کے اعلانات شروع کر دیئے جو قبل از انتخابات دھاندلی ہے۔اس موقع پر قومی وطن پارٹی ضلع پشاور کے چیئرمین ابرار خلیل،وائس چیئرمین نواز خان درانپور،ملک سلیم چمکنی ،یوتھ ونگ کے عہدیدار جلات خان اور خان سید بھی موجود تھے۔