این اے 246 کا ضمنی انتخاب ، 23 اپریل کو ضلع وسطی میں عام تعطیل اور دفعہ 144لگانے کا فیصلہ

پولنگ اسٹیشنز کی سی سی ٹی وی کیمرا مانیٹرنگ کا نظام بھی پولیس اور رینجرز کے حوالے،کیمروں کی تنصیب شروع

منگل 21 اپریل 2015 19:01

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21اپریل۔2015ء) سندھ حکومت نے کراچی میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 246 کے ضمنی انتخاب کے سلسلے میں 23 اپریل کو ضلع وسطی میں عام تعطیل اور دفعہ 144لگانے کا فیصلہ کیا ہے،پولنگ اسٹیشنز کی سی سی ٹی وی کیمرا مانیٹرنگ کا نظام بھی پولیس اور رینجرز کے حوالے کردیا گیا ہے،کیمروں کی تنصیب کا کام شرو ع کردیا گیا ہے ، پولیس کی جانب سے پولنگ اسٹیشنوں پر فل ڈریس ریہرسل کی گئی ہے جبکہ سیکیورٹی کے تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں ، پولیس اہلکار بدھ کو پولنگ اسٹیشنوں میں باقاعدہ تعینات کردیئے جائینگے ۔

تفصیلات کے مطابق کراچی ضلع وسطی کی انتظامیہ اور این اے246کے ریٹرننگ آفسر ندیم حیدر کی سفارش پر صو بائی حکومت نے 23اپریل کو ضلع میں عام تعطیل کا فیصلہ کیا ہے جس کا آئندہ 24 گھنٹوں میں نوٹیفکیشن جاری کردیا جائے گا۔

(جاری ہے)

ذرائع نے بتا یا ہے کہ حلقے میں سی سی ٹی وی کیمرہ مانٹرنگ سٹم کی کمانڈ بھی پولیس اور رینجرز کے حوالے کردی گئی ہے۔الیکشن کمیشن کے تیار کردہ پلان کے مطابق ایک رینجرز اہلکار پولنگ کے اندر موجود ہوگا اور ایک سی سی ٹی وی کیمرا پولنگ اسٹیشن کے اندر نصب ہوگالیکن اسے پولنگ بوتھ سے دور رکھا جائے گا۔

جبکہ رینجرز پولنگ اسٹیشن کے باہر بھی تعینات ہوگی۔دوسری جانب ضمنی انتخابات کو مزید محفوظ اور سیکیورٹی کی صورتحال مزید بہتر بنانے کے لئے فیصلہ کیا گیا ہے کہ ضمنی انتخابات میں دفعہ 144 نافذ کی جائے گی۔جس کے تحت پولنگ اسٹیشن کے اندر 5سے زائد افراد اندر رہنے کی اجازت نہیں ہوگی۔جبکہ پولنگ اسٹیشنز کے باہر ووٹرز کی لائنز لگائی جائیں گی۔

ڈی آئی جی ویسٹ فیروز شاہ کے مطابق این اے246 ضمنی انتخاب کے لیے سیکیورٹی انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں،پولیس کی بڑی نفری بھی پولنگ کیمپ پر تعینات ہوگی،پولنگ اسٹیشنز کے اندر16،باہر20 اہلکارتعینات کیے جائیں گے،بدھ کی صبح 10بجے حلقہ این اے246 میں پولیس تعینات کردی جائیگی،پولیس کی تعیناتی انتخاب مکمل ہونے تک رہے گی۔دریں اثناء رینجرزکی درخواست پرپولنگ اسٹیشنزمیں سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کا کام شروع کردیا گیا ہے ،کیمرے پولنگ اسٹینشنز کے اندراورباہرلگائے جارہے ہیں، سی سی ٹی وی کیمروں کی مانیٹرنگ کا الگ سیل قائم کیاگیا،رینجرز اہلکارسی سی ٹی وی کیمروں کی مانیٹرنگ کریں گے۔

منگل کی صبح پولیس اور رینجرز کے جوانوں نے مشترکہ طور پر پولنگ اسٹیشنز کا دورہ کیا اور حلقے میں پولیس اور رینجرز کی فل ڈریس ریہرسل کی ، ریہرسل کے موقع پر جوانوں نے پولنگ اسٹیشن کے باہر علامتی پوزیشنز لیں۔

متعلقہ عنوان :