چینی صدر کے دورسے دونوں برادر ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید استحکام ملے گا ٗ امیر جماعت اسلامی

اربوں ڈالر کے معاہدوں سے ملک میں ترقی اور خوشحالی کادور دورہ ہوگا ٗ سراج الحق کی میڈیا سے گفتگو

منگل 21 اپریل 2015 18:42

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21اپریل۔2015ء) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ چینی صدر کے دورسے دونوں برادر ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید استحکام ملے گا ٗاربوں ڈالر کے معاہدوں سے ملک میں ترقی اور خوشحالی کادور دورہ ہوگا ۔منگل کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ چین کے ساتھ اربوں ڈالر کے جن منصوبوں پر دستخط کئے گئے ہیں، ان سے ملک میں ترقی اور خوشحالی کا دور دورہ ہو گا، دونوں ملکوں کے درمیان دوستی سیاست سے بالاتر ہے، یہ دو عظیم قوموں کے درمیان دوستی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری کی تکمیل سے ملازمتوں کے نئے مواقع میسر آئیں گے ٗ آئندہ سو سال تک ترقی یقینی ہو گی، اس راہداری سے پاکستان کو وسط ایشیائی ممالک اور یورپ تک رسائی ہو گی، ہمیں برآمدات میں اضافے کیلئے مزید عالمی مارکیٹوں تک رسائی کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی کیلئے یہ انتہائی ضروری ہے کہ ہمارے ہمسائیوں کے ساتھ تعلقات اچھے ہوں۔

انہوں نے چینی صدر کی جانب سے 2000 پاکستانیوں کو آئندہ پانچ سال کے دوران تربیت فراہم کرنے اور ایک ہزار اساتذہ کو چینی زبان کی تربیت کی فراہمی کے اعلان کا خیر مقدم کیا۔ انہوں نے حکومت کو تجویز پیش کی کہ وہ چینی زبان کو بطور مضمون نصاب میں شامل کریں، یہ دونوں اقوام کے درمیان ایک دوسری کی زبانوں کو سمجھنے کے لئے معاون ثابت ہو گا۔