پاکستان اور چین میں تعلقات مثالی انداز میں قائم ہوگئے ہیں، حکومت نے اقتدار میں آنے کے بعد دور رس اصلاحات کا آغاز کیا جو پاکستان کیلئے بہت اہم ہیں

مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی میاں عرفان دولتانہ کا بیان

منگل 21 اپریل 2015 18:26

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21اپریل۔2015ء) مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی میاں عرفان دولتانہ نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین میں تعلقات مثالی انداز میں قائم ہوگئے ہیں ،پاکستان اس امر کو سراہتا ہے کہ بڑے بڑے چینی سرکاری اور نجی شعبہ کے اداروں کی طرف سے پاکستان میں سرمایہ کاری پاکستان میں سب سے بڑی غیر ملکی سرمایہ کاری میں سے ایک ہے۔

منگل کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ ان منصوبوں میں سے اکثر موجودہ حکومت کی مدت کے دوران شروع ہوئے ہیں جو اب عملدرآمد یا تکمیل کے مراحل میں ہیں۔ ان منصوبوں سے نہ صرف پاکستان کی معیشت پر گہرے اثرات مرتب ہوں گے بلکہ پورے خطے میں بین الاقوامی سرمایہ کاروں کا اعتماد بھی بڑھے گا۔ ان منصوبہ جات سے پاکستانی پروفیشنلز اور ہنر مند افرادی قوت کے لئے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

(جاری ہے)

چینی گروپس اور کمپنیوں کو بھی دونوں ممالک کی کاروباری برادریوں کے درمیان نئے تجارت اور سرمایہ کاری روابط استوار کرکے پاکستان میں سرمایہ کاری سے طویل المدتی فائدہ حاصل ہوگا۔ پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات ایک تناور درخت کی شکل اختیار کر چکے ہیں جس کی جڑیں گہری ہیں اور اسے دونوں ممالک کی قیادت کی کئی نسلوں نے پروان چڑھایا ہے۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے اقتدار میں آنے کے بعد دور رس اصلاحات کا آغاز کیا جو پاکستان کے لئے بہت اہم ہیں۔