چین کی بے مثال ترقی کا راز اپنے ملک کی زبان، اپنا کلچر اپنے لباس پر فخرہے ‘ وزیراعظم پاکستان کو قومی زبان میں خطاب کرکے پاکستان کی عز ت بڑھانی چاہیے تھی

مسلم لیگ (ق) کی رکن پنجاب اسمبلی خدیجہ عمرفاروقی کا بیان

منگل 21 اپریل 2015 18:26

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21اپریل۔2015ء) مسلم لیگ (ق) شعبہ خواتین پنجاب کی صدر و رکن صوبائی اسمبلی خدیجہ عمرفاروقی نے کہا ہے کہ چینی صدر کے دورہ پاکستان کیلئے خوش آئند ہے تاہم ان منصوبوں کی کرپشن سے پاک تکمیل اور عوام تک ان منصوبوں کے ثمرات پہنچنے کے بعد ہی حکومت کی کارکردگی کے متعلق کوئی رائے قاء کی جاسکے گی ۔منگل کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ چینی وزیراعظم نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں چین کی بے مثال ترقی کا راز بتایا ہے اور یہ پیغام دیا کہ اپنے ملک کی زبان، اپنے کلچر اپنے لباس پر فخر کرو جبکہ 60فیصد ان پڑھ قوم کے وزیراعظم نے انگریزی لباس پہن کر اور انگریز ی زبان میں خطاب کرکے ثابت کیا ہے کہ ہم اب بھی اپنے پاؤں پر کھڑا نہیں ہونا چاہتے ۔

وزیراعظم پاکستان کو قومی زبان میں خطاب کرکے پاکستان کی عز ت بڑھانی چاہیے تھی ۔

(جاری ہے)

خدیجہ فاروقی نے کہا کہ چینی صدر کا دورہ پاکستان ملک کی خوشحالی و ترقی کا باعث بنے گا انہوں نے کہا کہ چین اور پاکستان کی دوستی ہمالیہ سے بلند، سمندروں سے گہری اور شہد سے زیادہ میٹھی ہے تاہم پاکستان کے نااہل حکمران اور کرپٹ سرکاری مشینری ایسے معاہدوں کو ماضی میں عوام اور ملک کی ترقی میں استعمال کرنے کی صلاحیت سے محروم رہی ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان جتنے اہم اور بڑے معاہدے ہوئے ہیں ان کی تکمیل کیلئے ضروری ہے کہ چینی حکومت اپنے ایکسپرٹ اور انجینئرز بھیجے اور چینی حکومت ان منصوبوں کو پائیہ تکمیل کیلئے اپنا چیک اینڈ بیلنس رکھے ۔