چینی صدر کا دورہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی کا نیا باب لکھے گا ،معاشی ،اقتصادی اورتجارتی میدان میں گیم چینجر ثابت ہوگا‘چین کے صدر کی آمد اہل پاکستان کیلئے ایک تازہ ہوا کا جھونکا ثابت ہوا، پاکستان کی تاریخ میں 20 اپریل کا دن ہمیشہ یادگار رہے گا ‘ قائمقام اسپیکر پنجاب اسمبلی سردار شیر علی گورچانی کا بیان

منگل 21 اپریل 2015 18:26

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21اپریل۔2015ء) قائمقام اسپیکر پنجاب اسمبلی سردار شیر علی خاں گورچانی نے کہا ہے کہ چین کے صدر کی آمد اہل پاکستان کیلئے ایک تازہ ہوا کا جھونکا ثابت ہوا، پاکستان کی تاریخ میں 20 اپریل کا دن ہمیشہ یادگار رہے گا ،چینی صدر کا دورہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی کا نیا باب لکھے گا اور معاشی ،اقتصادی اورتجارتی میدان میں گیم چینجر ثابت ہوگا۔

منگل کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ چین نے ایک ایسے وقت میں ہاتھ تھاما ہے جب پاکستان توانائی کے بد ترین بحران سے نبردآزما ہے۔ چین توانائی کے شعبے میں پاکستان میں اربوں ڈالرکی سرمایہ کاری کررہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چین کے صدر کے خطاب نے پاکستانی قوم کو نیا ولولہ اورحوصلہ دیاہے ۔چین کے صدر کے ا علانات نے پاکستان میں ایک روشن معاشی مستقبل کی بنیاد رکھ دی ہے۔

(جاری ہے)

چین کے صدر کے تاریخی دورہ پاکستان سے پاک چین لازوال دوستی کی نئی تاریخ رقم ہو رہی ہے اور چین کے صدر کے دورے سے دونوں ملکوں کے درمیان بے مثال تعلقات کو نئی جہت ملی ہے۔ شیر علی خان گورچانی نے کہا کہ لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین کا منصوبہ چین کے صدر اور وزیراعظم کا اہل پاکستان کیلئے تحفہ ہے۔چین کی سرمایہ کاری سے مختلف منصوبوں کے آغاز سے روزگار کے لاکھوں مواقع پیدا ہوں گے۔

چین کے اقتصادی پیکیج سے پاکستان میں ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔انہوں نے کہا کہ چین کی قیادت اورعوام پاکستان کی مشکلات اورمسائل سمجھتے ہیں۔ چین کے پاس دنیا بھر میں سرمایہ کاری کے بہت مواقع تھے لیکن اس نے پاکستان کا انتخاب کیا ۔پاکستان اوراس کے عوام چین کے مثالی تعاون کو کبھی فراموش نہیں کرسکتے۔پاک چین دوستی زندہ باد۔