عوامی نیشنل پارٹی بلدیاتی انتخابات میں کلین سویپ کرے گی،سردارحسین بابک

تحریک انصاف کو اس بار الیکشن جیتنے کیلئے کوئی حکیم اﷲ محسود نہیں ملے گا،پی ٹی آئی کوجنرل الیکشن 2013ء والا ماحول نہیں ملے گا،عوامی نیشنل پارٹی

منگل 21 اپریل 2015 18:14

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21اپریل۔2015ء) عوامی نیشنل پارٹی بلدیاتی انتخابات میں کلین سویپ کرے گی ، اے این پی کے صوبائی ترجمان سردار حسین بابک نے صوبائی حکومت کے ترجمان مشتاق غنی کے بیان کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک انصاف کو اس بار الیکشن جیتنے کیلئے کوئی حکیم اﷲ محسود نہیں ملے گا، انہوں نے کہا کہ اے این پی ایک عوامی پارٹی ہے جس کی جڑیں عوام میں ہیں ، انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے رہنماؤں کو جنرل الیکشن 2013ء والا ماحول نہیں ملے گا ،انہوں نے کہا کہ 90دن میں بلدیاتی انتخابات کا نعرہ لگانے والے دوسال میں بھی الیکشن نہیں کرانا چاہتے تھے لیکن سپریم کورٹ کے واضح احکامات کے باعث وہ الیکشن کرانے پر مجبور ہو گئے ہیں ،سردار حسین بابک نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات نہ کرانے اور حکومتی دلچسپی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ پچھلے ایک سال سے اے این پی نے بلدیاتی انتخابات جماعتی بنیادوں پر کرانے کیلئے رٹ پٹیشن جمع کرائی ہے اور ایڈوکیٹ جنرل عدالت میں حاضری سے کترا رہے ہیں جس کی وجہ سے فیصلے میں تاخیر ہو رہی ہے ، انہوں نے کہا کہ اے این پی کو ماضی میں عوام کے ذریعے نہیں بندوق کی نوک پر مینڈیٹ چرایا گیا ہے ، انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں اب کوئی اور حکیم اﷲ محسود پیدا ہو گا تب ہی یہ الیکشن جیت سکتے ہیں اور ضرب عضب کی موجودگی اور مسلسل کامیابی سے تحریک انصاف سیاسی سہاروں کی سوچ چھوڑ دے انہوں نے کہا کہ حکومت کو اے این پی کی نہیں اپنی فکر کرنی چاہئے۔