کرپشن، کمیشن خوری اور اقرباء پروری گزشتہ حکومتوں کا وطیرہ رہا ہے ، محمود خان

صوبائی حکومت صوبے میں پسماندگی کے خاتمے، عوام کے حقوق اور جان و مال کے تحفظ کے لئے کوشاں ہے،وزیرآبپاشی خیبرپختونخوا

منگل 21 اپریل 2015 18:12

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21اپریل۔2015ء) خیبر پختونخوا کے وزیر آبپاشی محمود خان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی حکومت صوبے میں پسماندگی کے خاتمے، عوام کے حقوق اور جان و مال کے تحفظ کے لئے کوشاں ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر سول سیکرٹریٹ پشاور میں تحصیل مٹہ سوات سے تعلق رکھنے والے ایک وفد سے ملاقات کے دوران باتیں کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کی عوام دوست پالیسیوں اور عملی اقدامات کی بدولت نہ صرف عوامی مسائل بروقت حل ہونا شروع ہوئے ہیں بلکہ میرٹ کی بالا دستی اور حقدار کو اس کے حق کی فراہمی بھی ممکن ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ پرویز خٹک صوبے کے دور دراز علاقوں کی ترقی میں گہری دلچسپی لے رہے ہیں اور اس مقصد کے لئے صوبے کے کونے کونے میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھایا جا رہا ہے ۔

(جاری ہے)

محمود خان نے کہا کہ پی ٹی آئی نے صوبے میں صاف ستھری سیاست متعارف کروائی جو تبدیلی کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن، کمیشن خوری اور اقرباء پروری گزشتہ حکومتوں کا وطیرہ رہا ہے جبکہ پی ٹی آئی حکومت نے عوام کوسستے اور فوری انصاف کی فراہمی اور زندگی کے ہر شعبہ میں سہولیات پہنچانے کا پختہ عزم کر رکھاہے۔ اُنہوں نے کہا کہ انشاء اﷲ صوبائی حکومت کی اچھی کار کردگی کی بناء پر ملک بھر میں آئندہ ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیابی یقینی ہے۔ اس موقع پر وفد نے صوبائی وزیر کو اپنے درپیش مسائل و مشکلات کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا ۔ صوبائی وزیر محمود خان نے وفد کو یقین دلایا کہ وہ اُن کو درپیش تمام مشکلات حل کرنے کے لئے عملی اقدامات اٹھائیں گے۔

متعلقہ عنوان :